جے رام رمیش نے کیجریوال کو دلت مخالف قرار دیا، پجاریوں اور بھکشوؤں کے احتجاج کا حوالہ

کانگریس رہنما جے رام رمیش نے بھکشوؤں اور پجاریوں کے پنشن کی مانگ پر احتجاج کے حوالہ سے اروند کیجریوال پر دلت مخالف ہونے کا الزام لگایا اور دلت سماج کو 18 ہزار روپے کے اعزازیہ کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس رہنما جے رام رمیش نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر دلت مخالف نظریہ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال نے ہمیشہ دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بدھ مت بھکشو، والمیکی اور روی داس سماج کے مندر کے پجاری دہلی میں کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر پنشن کے مطالبات کو لے کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔

جے رام رمیش نے کہا کہ حال ہی میں کیجریوال نے ہندو مندروں کے پجاریوں اور سکھ گرنتھیوں کو تنخواہیں دینے کا اعلان کیا تھا، مگر بُدھ وہار اور والمیکی و روی داس مندروں کے پجاریوں کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے اس رویے کو دلت مخالف سوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی دلت مخالف ذہنیت کوئی نئی بات نہیں، بلکہ اس کے کئی مظاہر پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے پاس 10 سے زائد راجیہ سبھا اراکین ہیں، مگر ان میں سے کوئی بھی ایس سی، ایس ٹی یا او بی سی طبقے سے نہیں ہے۔ جے رام رمیش نے یاد دلایا کہ کیجریوال نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں دلت رہنما راجندر گوتم کو بے عزتی کے ساتھ کابینہ سے باہر نکال دیا تھا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے ٹھیکیداری نظام کو فروغ دے کر دہلی میں ریزرویشن سسٹم کو کمزور کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران مختلف محکموں میں تعینات کیے گئے مشیروں میں دلت طبقے کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر رہی ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ ذات پات مردم شماری جیسے اہم مسئلے پر بھی کیجریوال مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

جے رام رمیش نے مزید کہا کہ کانگریس رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج نے دلتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف عام آدمی پارٹی کی پالیسیوں پر احتجاج کیا، مگر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت سماج اب عام آدمی پارٹی کی سیاست کو اچھی طرح سمجھ چکا ہے اور آنے والے انتخابات میں انہیں ضرور سبق سکھائے گا۔


قابل ذکر ہے کہ دہلی میں انتخابی ماحول کے دوران کیجریوال کی حکومت پر دلت مخالف ہونے کا الزام بڑھتا جا رہا ہے۔ بدھ ویار کے بھکشوؤں، والمیکی اور روی داس سماج کے مندروں کے پجاریوں نے کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا، ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی 18 ہزار روپے کی عزت دارانہ پنشن دی جائے، جو دیگر مذہبی پیشواؤں کو دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔