’میری ہی حکومت ہے، میرا ہی ایڈمنسٹریشن ہے، کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا‘، مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈر کی درندگی!

مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈر مہندر ناگر نے اقتدار کے زعم میں ایک کسان کو تھار سے روند کر مار ڈالا۔ اس معاملے میں کانگریس نے کہا کہ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب بی جے پی لیڈر نے ایسی درندگی کی ہو۔

<div class="paragraphs"><p>تصویرسوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈر کے ذریعہ ایک کسان کو ’تھار‘ جیسی بھاری گاڑی سے کچل کر مار ڈالنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی اس کسان کی بیٹیوں کے ساتھ بی جے پی لیڈر کی بربریت کا انکشاف بھی کچھ میڈیا رپورٹس میں کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے اب کانگریس نے بی جے پی پر سخت الفاظ میں حملہ کیا ہے۔ کانگریس نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو ’جنگل راج‘ ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ کسان کے ساتھ کی گئی تازہ درندگی کسی بی جے پی لیڈر کے ذریعہ درندگی کا پہلا معاملہ نہیں ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش کا جنگل راج۔ گونا میں بی جے پی لیڈر مہندر ناگر نے اقتدار کے زعم میں ایک کسان کو تھار سے روند کر مار ڈالا۔ درندگی کی حد پار کر چکے مہندر ناگر نے کسان کی بیٹیوں کو بھی نہیں بخشا۔ ان کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور دھمکاتے ہوئے کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی۔‘‘ بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت کا چہیتا مہندر ناگر ایک بدنام زمانہ اراضی مافیا ہے، جو کسانوں کو دھمکا کر ان کی زمینیں ہضم کر لیتا ہے۔ گونا کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مہندر ناگر کی پورے علاقے میں دہشت ہے۔ جس نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اس کا انجام برا ہوا۔‘‘


مہلوک کسان کے ساتھ پیش آئے واقعہ کے بعد مہندر ناگر کے رویہ کو بھی کانگریس نے بی جے پی لیڈران کی روش ہی قرار دیا۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مہندر ناگر لوگوں کو دھمکاتے ہوئے کہتا ہے– میری ہی حکومت ہے، میرا ہی ایڈمنسٹریشن ہے، کوئی کچھ نہیں گاڑ سکتا۔ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب بی جے پی کے لیڈر نے ایسی درندگی کی ہو۔ اتر پردیش کے لکھیم پور میں بھی بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر مملکت اجئے مشرا ٹینی کے بیٹے نے اپنی گاڑی سے کسانوں کو کچل کر مار ڈالا تھا۔‘‘

کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لوگ کسانوں، غریبوں اور کمزور طبقات کو کیڑے مکوڑے تصور کرتے ہیں۔ غریبوں سے ان کی زمینیں اور حقوق چھین لینا ان کی گھناؤنی تاریخ کا حصہ رہی ہے۔ لیکن ملک سب دیکھ رہا ہے، اقتدار کی چولیں ہلیں گی اور عوام انھیں زبردست سبق سکھائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔