کیرالہ کے ماہی گیروں کے کنبوں کو 10 کروڑ روپے ادا کرے اطالوی حکومت، سپریم کورٹ کا حکم

سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز اطالوی حکومت کو ان متوفی دو ماہی گیروں کے اہل خانہ کے حق میں 10 کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے جن کی موت اطالوی بحریہ اہلکاروں کے ہاتھوں واقع ہوئی تھی

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز اطالوی حکومت کو ان متوفی دو ماہی گیروں کے اہل خانہ کے حق میں 10 کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے جن کی موت اطالوی بحریہ اہلکاروں کے ہاتھوں واقع ہوئی تھی۔ اٹلی کی حکومت کو یہ رقم مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے فراہم کئے گئے بینک کھاتہ میں ادا کی جانی ہے۔

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی والی سپریم کورٹ کی بنچ نے کہا کہ اطالوی حکومت سے حاصل ہونے والی رقم کو متاثرین میں تقسیم کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں جمع کیا جائے گا۔ اس بنچ میں جسٹس اے ایس بوپنا اور وی راماسبرمنیم سوامی بھی شامل ہیں۔


مرکزی حکومت اور کیرالہ کی حکومت نے عدالت عظمی کو مطلع کیا کہ متاثرہ کنبوں نے اٹلی سے 10 کروڑ روپے کے معاوضہ پر رضامندی ظاہر کیا ہے۔ بنچ نے مانا کہ معاوضہ جمع ہونے کے بعد اطالوی بحریہ کے اہلکاروں کے خلاف معاملہ بند کر دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے 19 اپریل کو اطالوی بحریہ اہلکاروں کے خلاف فوجداری مقدمہ بند کرنے کے لئے حکومت سے درخواست کو لسٹ کرنے کے لئے کہا تھا۔

سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت عظمیٰ کو مطلع کیا کہ ہندوستانی حکومت نے اطالوی حکومت کے ساتھ ایک بہتر معاہدہ طے کیا ہے اور بین الاقوامی ٹربیونل کا حوالہ دیا ہے، جس نے فیصلہ سنایا تھا کہ اطالوی حکومت کی جانب سے بحریہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


اطالوی حکومت نے 10 کروڑ روپے کے معاوضہ کی پیش کش کی ہے، جس میں کیرالہ حکومت نے متوفی کے لواحقین کو چار کروڑ روپے اور کشتی سینٹ انٹونی کے مالک کو 2 کروڑ روپے فراہم کرنے کی تجویز کی ہے۔ مہتا نے کہا کہ حکومت ہند کو اطالوی حکومت سے رقم حاصل ہونے کے بعد اسے 3 دنوں کے اندر عدالت عظمیٰ کے کھاتہ میں ٹرانسفر کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔