’بہار میں نقلی شراب پی کر مرنا اچھی روایت، اس سے آبادی کم ہوتی ہے‘

وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے قریبی گوپال منڈل نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ لوگوں سے زہریلی شراب سے دور رہنے کی اپیل کر رہے ہیں، پھر بھی لوگ نقلی شراب بنا کر پی رہے ہیں، وہ مرنے کے لیے نقلی شراب پی رہے ہیں۔‘‘

نتیش کمار کے ساتھ گوپال منڈل
نتیش کمار کے ساتھ گوپال منڈل
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے قریبی جنتا دل یو رکن اسمبلی گوپال منڈل نے بدھ کے روز اس وقت تنازعہ کھڑا کر دیا جب انھوں نے کہا کہ بہار میں لوگ مرنے کے لیے زہریلی شراب پی رہے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بہار میں زہریلی شراب کے واقعات پر نتیش حکومت تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔

اکثر اپنے متنازعہ بیانات کے لیے سرخیوں میں رہنے والے جنتا دل یو رکن اسمبلی گوپال منڈل نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریاست کے لوگوں سے زہریلی شراب سے دور رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ پھر بھی لوگ نقلی شراب بنا کر پی رہے ہیں۔ وہ مرنے کے لیے نقلی شراب پی رہے ہیں۔‘‘


گوپال منڈل اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’بہار کے لوگوں کا نقلی شراب پینا اور مرنا ایک اچھی روایت ہے، کیونکہ یہ سماج میں جگہ بناتا ہے اور ریاست کی آبادی کو کم کرتا ہے۔ ہمارے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار کے لوگوں کو شراب پینے سے بچنے کے لیے لگاتار متنبہ کر رہے ہیں۔ پھر وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟‘‘

واضح رہے کہ گوپال منڈل بہار کے ان چنندہ اراکین اسمبلی میں سے ہیں جو لگاتار تنازعات میں رہتے ہیں اور گزشتہ سال 2 ستمبر کو راجندر نگر-نئی دہلی تیجس راجدھانی ایکسپریس میں کم کپڑوں میں گھومتے ہوئے کیمرے میں قید ہوئے تھے، جس پر بہت ہنگامہ بھی ہوا تھا۔


اس درمیان جنتا دل یو کے ایک دیگر رکن اسمبلی اور تین بار کے رکن اسمبلی شیام بہادر سنگھ نے گزشتہ 17 جنوری کو سیوان ضلع کے گاندھی میدان میں ایک شرابی سمیلن منعقد کرنے کا دعویٰ کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ شراب بندی کے فیصلے سے نتیش کمار کی مقبولیت گھٹ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔