اس شکست کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے: وراٹ کوہلی

ہندوستان کو پہلی اننگز میں 53 رن کی سبقت ملی تھی لیکن تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہی جوش ہیزلووڈ اور پیٹ کمنس نے ہندوستانی بلے بازوں پر قہر برپایا اور محض 36 رن کے اسکور پر پوری ٹیم کو ڈھیر کردیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف پہلے دن و رات کے ٹسٹ میچ میں آٹھ وکٹ سے ملی زبردست شکست کے بعد ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے آج کہا کہ اس شکست کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 53 رن کی سبقت ملی تھی لیکن تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہی جوش ہیزلووڈ اور پیٹ کمنس نے ہندوستانی بلے بازوں پر قہر برپایا اور محض 36 رن کے اسکور پر اس کی اننگز ڈھیر کردی۔

وراٹ نے کہا، ’’ اس شکست کو الفاظ میں بیان کرنا بے حد مشکل ہے۔ ہم نے پہلی اننگز میں 60 رن کی سبقت حاصل کرلی اور اس کے بعد ہماری بلے بازی پوری طرح ناکام رہی۔ ہم نے دو دن سے سخت محنت کی اور مضبوط پوزیشن میں رہے اور پھر ایک گھنٹے میں ماحول ایسا ہو گیا کہ ہمارے لئے جیت ناممکن ہو گئی۔ انہوں نے پہلی اننگز کی طرح ایک ہی شعبے میں گیند بازی کی لیکن ہماری سوچ زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی تھی۔


کپتان نے مزید کہا ’’ایمانداری سے کہوں تو آسٹریلیا کے گیند بازوں نے اچھی گیندبازی کی۔ میرے خیال سے رن بنانا تھوڑا مشکل تھا اور ان کے گیندباز پراعتماد تھے۔ انہوں نےکہا کہ ظاہر ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میری ذمہ داری ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ کھلاڑی اگلے میچ میں مضبوطی کے ساتھ واپسی کریں گے۔ محمد شامی کی چوٹ کا اسکین کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی اس سلسلے میں کچھ پتہ چل سکے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔