’اسرائیل اپنی فوجی طاقت اور امریکی حمایت کے باوجود فلسطینیوں کو دہشت زدہ کرنے میں ناکام‘

اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے فلسطین پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وہ فلسطینیوں کو دہشت زدہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس کے صدر اور اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے فلسطین پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی فوجی طاقت اور امریکہ کی حمایت کے باوجود فلسطینیوں کو دہشت زدہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ دعوی انہوں نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کیا ہے انہوں نے دعوی کیا کہ اسرائیل کی غاصب حکومت کا وزیر اعظم نیتن یاہو فرعون کی زبان میں دھمکیاں دے رہا ہے۔

ڈاکٹر بصیر نے کہا کہ وہ بھول گئے کہ فرعون کا انجام کیا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے اسپتالوں، اسکولوں، پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی مکانوں پر بمباری کرکے نہتے شہریوں، عورتوں اور معصوم شیر خوار بچوں کو شہید کیا ہے۔ یہی نہیں میڈیا کے دفاتر کو بھی زمین بوس کرکے اپنے ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے سے بچنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس سفاکانہ بربریت کے باوجود محصور و مظلوم فلسطینی اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اسرائیل اور اس کے پشت پناہ امریکہ اور دیگر طاغوتی طاقتیں ان کے عزم و استقلال کو متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔


مسلم مجلس کے صدر نے کہا کہ انسانی تاریخ سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ عسکری طاقت اور ظلم و ستم کے بل بوتے کسی بھی قوم کے جذبہ آزادی کو زیادہ دیر تک نہیں دبایا جاسکتا اور نہ ہی مجاہدین کو دہشت گرد قرار دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان تمام انصاف پسند اور انسانیت دوست افراد اور تنظیموں کے ساتھ ہیں جو فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کے غاصبانہ تسلط اور مظالم کے خلاف ہیں۔ اسرائیل کو نہ صرف حملے بند کرنے چاہیے بلکہ اس کو اس کی سزا بھی ملنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔