ریلوے نے ٹرین ٹکٹ بکنگ کے ضابطوں میں کی تبدیلی، جانیں تفصیل

کورونا کے بڑھتے قہر کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے ٹکٹ بکنگ کے ضابطوں میں تبدیلی کی ہے۔ اگر آپ ایک ریاست سے دوسری ریاست جا رہے ہیں تو ٹکٹ ریزرویشن فارم میں پتہ کے علاوہ مزید کچھ جانکاریاں دینی ہوں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اب پہلے جیسی نہیں رہی اور کئی شعبوں میں کام کرنے کا ضابطہ ہی بدل گیا ہے۔ یہاں تک کے اب سفر کرنے کے طور طریقے بھی بدلے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ریلوے نے بھی ٹرین ٹکٹ بکنگ کے ضابطوں میں تبدیلی کی ہے۔ کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے یہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اگر آپ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں سفر کرنے والے ہیں تو آپ کو اب ٹکٹ ریزرویشن فارم میں پتہ کے علاوہ مزید کچھ جانکاریاں دینی ہوں گی۔

انڈین ریلوے نے ریزرویشن فارم میں تبدیلی کرتے ہوئے مسافروں کو پتہ کے ساتھ ساتھ مکان نمبر، گلی، کالونی، شہر، تحصیل اور ضلع کی جانکاری بھی درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مسافروں کو اپنی منزل سے جڑی جانکاری بھی کاؤنٹر پر بیٹھے کلرک کو بتانی ہوگی۔ ان نئی جانکاریوں کو درج کرنے کے لیے ریزرویشن کاؤنٹر سے جڑے سافٹ ویئر میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔


یہ تبدیلی کاؤنٹر اور آن لائن دونوں طرح سے ریزرویشن کرانے میں کی گئی ہے۔ ریلوے کے مطابق مسافر چاہے ریلوے ریزرویشن کاؤنٹر سے ٹکٹ بک کروائیں یا پھر انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) ویب سائٹ یا ایپ سے، تینوں ہی پلیٹ فارم پر یہ جانکاری دینا اب لازمی ہے۔ ریلوے کی اس نئے نظام کے ذریعہ کورونا انفیکشن کے روک تھام میں مدد ملے گی۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ان سبھی جانکاریوں کو بھرنے میں محض 70 سیکنڈ کا وقت لگے گا۔

دراصل لاک ڈاؤن اور کورونا بحران کے سبب کثیر تعداد میں مہاجر مزدور ایک ریاست سے دوسری ریاست کی طرف ہجرت کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومتوں کا کہنا ہے کہ جو مسافر ان کی ریاستوں میں آ رہے ہیں، ان میں سے کچھ کورونا پازیٹو ہیں۔ ایسے میں ریاستوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مسافروں کا ڈاٹا ریاستوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */