’انڈیگو بحران کے لیے ایئرلائن کے داخلی مسائل ذمہ دار‘، راجیہ سبھا میں شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کا بیان
مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ’’انڈیگو کو اپنے کریو مینجمنٹ اور روسٹر کو درست طریقے سے سنبھالنا چاہیے تھا، لیکن اندرونی پیچیدگیوں کے باعث بہت زیادہ پریشانیاں ہوئی ہیں۔‘‘
پورے ملک میں جاری انڈیگو بحران پر حکومت سخت ہو گئی ہے، پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں بھی اس مسئلہ کو سختی سے اٹھایا گیا ہے۔ شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ’’انڈیگو میں حالیہ پروازوں کی منسوخی کی اصل وجہ ایئر لائن کے داخلی مسائل تھے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ حکومت مسافروں، پائلٹوں اور کریو کی سیکورٹی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور یہ بات تمام ایئرلائنز کو صاف طور پر بتا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انڈیگو کو اپنے کریو مینجمنٹ اور روسٹر کو درست طریقے سے سنبھالنا چاہیے تھا، لیکن اندرونی پیچیدگیوں کے باعث بہت زیادہ پریشانیاں ہوئی ہیں۔
مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے اعتراف کیا کہ مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا، حکومت اس صورتحال کو ہلکے میں نہیں لے رہی ہے۔ نائیڈو نے وارننگ دی کہ اگر کسی بھی ایئرلائن کی طرف سے قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسی مثال پیش کی جائے گی جسے تمام ایئرلائن کمپنیاں سنجیدگی سے لیں گی۔
مرکزی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے باعث جن مسافروں کو پریشانی ہوئی ہے ان کے لیے سخت قانون (سی اے آر ایس) بنے ہوئے ہیں اور تمام ایئرلائنز کو ان کی پابندی ضروری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سافٹ ویئر سے متعلق مسائل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ایئرلائن سیکٹر میں مسلسل تکنیک کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ رام موہن نائیڈو کے مطابق حکومت کا مقصد ہندوستان کے ہوا بازی کے شعبے میں دنیا میں اعلیٰ ترین معیارات حاصل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے یہ بھی بتایا کہ ’اڑان‘ منصوبہ کے تحت فلائی 91، اسٹار ایئر جیسی کئی نئی ایئرلائن کمپنیاں آئی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایئرلائن شروع کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔