’بی جے پی کے لیے ریڈ الرٹ ہے مہنگائی‘، پی ایم مودی کے ’لال ٹوپی‘ والے بیان پر اکھلیش کا جوابی حملہ

اکھلیش یادو نے کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعظم مودی سے پوچھنا چاہئے تھا کہ لکھیم پور کھیری کے کسانون کو اب تک انصاف کیوں نہیں ملا۔

تصویر ٹوئٹر @yadavakhilesh
تصویر ٹوئٹر @yadavakhilesh
user

یو این آئی

میرٹھ: سماجو ادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے ایس پی کی ’لال ٹوپی‘ کو اترپردیش کے لئے خطرے کی گھنٹی (ریڈ الرٹ) بتانے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ بی جے پی کے لئے مہنگائی اور بے روزگاری ’ریڈ الرٹ‘ ہے۔

مودی نے گورکھپور میں ایمس اور کھاد کارخانے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی یا اکھلیش کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ ’’لال ٹوپی والوں کو حکومت بنانی ہے دہشت گردوں پر مہربانی دکھانے کے لئے، دہشت گردوں کو جیل سے چھڑانے کے لئے، اور اس لئے یاد رکھئے لال ٹوپی والے یوپی کے لئے ریڈ الرٹ ہیں یعنی خطرے کی گھنٹی ہے۔‘‘


ایس پی سربراہ نے اس کے جواب میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’بی جے پی کے لئے ’ریڈ الرٹ‘ ہے مہنگائی کا بے روزگاری، بے کاری کا، کسان مزدور کی بدحالی کا، ہاتھرس، لکھیم پور، خواتین و نوجوان استحصالی کا، برباد تعلیم، کاروبار و صحت کا‘۔

اکھلیش نے ایس پی کی لال ٹوپی کو ہی اقتدار سے بی جے پی باہر کرنے والا بتاتے ہوئے کہا ’لال ٹوپی‘ ہی اس بار بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرے گی۔ لال کا انقلاب ہوگا۔ بائیس میں تبدیلی آئے گی‘۔ قابل ذکر ہے کہ اکھلیش نے آر ایل ڈی کے ساتھ انتخابی اتحاد کا رسمی اعلان کرتے ہوئے آج میرٹھ میں ایس پی آر ایل ڈی کی مشترکہ ریلی سے خطاب کیا۔


ریلی کے بعد میڈیا نمائندوں کے ذریعہ مودی کے بیان پر اپنے تبصرے کا اظہار کرتے ہوئے اکھلیش نے بی جے پی کو ’سماجی تفریق پیدا کرنے والا بتایا‘ انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقات میں کھائی پیدا کرنے والے ہی بھاجپائی ہیں‘۔ اکھلیش نے کہا کہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعظم مودی سے پوچھنا چاہئے تھا کہ لکھیم پور کھیری کے کسانون کو اب تک انصاف کیوں نہیں ملا‘۔

اس دوران آر ایل ڈی کے صدر جینت چودھری نے ریلی میں امڈی بھیڑ کے بارے میں کہا کہ اس ریلی کے ذریعہ سے کسان انصاف کا مطالبہ کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں بی جے پی کی تاجپوشی کا گواہ مغربی یوپی بنا تھا اور اب یہی مغربی یوپی بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔