مہنگائی بی جے پی کی ’بھوجائی‘ ہے اور ’مودی کی گارنٹی‘ چائنیز مال: تیجسوی یادو

تیجسوی یادو نے کہا کہ مودی حکومت کی کتھنی اور کرنی میں بڑا فرق ہے، انھوں نے عوام سے ملک کی ترقی کا وعدہ کیا تھا، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو /&nbsp; تصویر: ائی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / تصویر: ائی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بدھ کے روز بہار واقع جموئی لوک سبھا سیٹ سے پارٹی امیدوار ارچنا روی داس کے حق میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ جموئی کے سونو واقع آدرش مڈل اسکول میدان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی کتھنی اور کرنی میں بڑا فرق ہے۔ انھوں نے عوام سے ملک کی ترقی کا وعدہ کیا تھا، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ بی جے پی کا مطلب ’بڑکا جھوٹا پارٹی‘ ہے۔ مودی کی گرنٹی کو چائنیز مال بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ابھی پی ایم مودی ترقی کا خوب وعدہ کریں گے، لیکن انتخاب ختم ہوتے ہی ان کی پارٹی کے لیڈر امت شاہ بولیں گے کہ یہ تو جملہ تھا۔

بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ہمارا آئین خطرے میں ہے۔ آئین بچانے کی لڑائی لڑنے والوں کو ای ڈی اور سی بی آئی سے پریشان کروایا جا رہا ہے۔ مودی حکومت نے تین روپے میں ملنے والے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت بڑھا کر 50 روپے کر دی۔ جب میرے والد لالو یادو وزیر ریل تھے تو ریلوے کا کرایہ کم تھا۔ انھوں نے غریب رتھ چلانے کا کام کیا۔ تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت مہنگائی کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ بی جے پی والے پہلے کہتے تھے مہنگائی ڈائن کھائے جات ہے، اب مہنگائی ان کی بھوجائی ہو گئی ہے۔


وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ چاچا پہلے کہتے تھے کہ مٹی میں مل جائیں گے، بی جے پی میں نہیں جائیں گے۔ چاچا ہیں، ان کا احترام کرتے ہیں، کچھ بولیں گے نہیں، لیکن اتنا ضرور کہیں گے کہ اس عمر میں انھیں ایک جگہ رہنا چاہیے۔ 2020 کے اسمبلی انتخاب میں ہم نے کہا تھا کہ ہم حکومت میں آئیں گے تو ملازمت دیں گے۔ یہ بات چاچا کو ناممکن لگی تھی، اور مجھ سے کہتے تھے کہ پیسہ کہاں سے لاؤ گے۔ ہم نے محض 17 ماہ میں انہی کے ہاتھوں سے ریاست میں 5 لاکھ نوجوانوں کے درمیان تقرری نامہ تقسیم کروایا۔

چراغ پاسوان کی طرف سے جیجا کو ٹکٹ دیے جانے پر بھی تیجسوی نے طنز کسا۔ انھوں نے کہا کہ چراغ کے جیجا میرے بھی جیجا لگیں گے، لیکن ان کا پتہ ہمیں معلوم نہیں ہے۔ لالو جی نے جموئی کی بیٹی کو ٹکٹ دے کر نصف آبادی کو بھی احترام دینے کا کام کیا ہے۔ اس دوران تیجسوی یادو نے ’تم تو دھوکہ باز ہو، وعدہ کر کے بھول جاتے ہو‘ گانا گنگناتے ہوئے بھی مودی حکومت پر حملہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔