اندور: تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک، کئی کی حالت نازک

اندور میں جمعہ کی رات ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 7 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 8 افراد شدید طور پر جھلس گئے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

اندور: اندور میں جمعہ کی رات ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے متعدد افراد کی موت ہو گئی جبکہ کئی افراد شدید طور پر جھلس گئے۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 8 افراد شدید طور پر جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں کو ایم وائی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

معاملہ وجے نگر کے سورن باغ محلہ کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رات گئے اچانک عمارت سے دھواں نکلنا شروع ہوا، جب تک لوگ کچھ سمجھ پاتے، آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو آگ لگنے کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی فائر ٹینڈرز نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا لیکن تب تک کافی دیر ہو چکی تھی۔ عمارت کے اندر موجود 7 افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔


آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے حکام نے آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ قرار دی گئی ہے۔ دوسری جانب آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی لوگ قریبی گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور سڑک پر آ گئے۔ تاہم آگ کی وجہ سے قریبی مکانات یا عمارتوں کو کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ہلاک والے تمام افراد کرایہ دار تھے۔ پولیس اور فائر فائٹرز جب عمارت کے اندر پہنچے تو انہوں نے 5 افراد کو مردہ حالت میں پایا جبکہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جھلسے ہوئے دو افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ ہلاک شدگان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔


فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ آگ بجلی کے میٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے بعد نیچے کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس نے خوفناک شکل اختیار کرتے ہوئے عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ رات کو سوئے ہوئے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */