انڈیگو بحران: ’نہ کوئی ذمہ داری، نہ جوابدہی‘، مسافروں کو پریشان دیکھ کانگریس فکر مند، مودی حکومت پر کیا حملہ
کانگریس کا کہنا ہے کہ آج انڈیگو نے اپنی سبھی پروازیں رَد کر دی ہیں۔ گزشتہ 3 دنوں میں 1300 سے زائد پروازیں کینسل ہو چکی ہیں۔ بزرگ، بچے و خواتین پریشان ہیں، مسافر گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر پھنسے ہیں۔

ہوابازی کمپنی ’انڈیگو‘ کی پروازیں لگاتار کینسل ہو رہی ہیں۔ 5 دسمبر کو دہلی سے پرواز بھرنے والے سبھی مسافر طیاروں کو رَد کر دیا گیا، اور ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی بیشتر پروازوں کو کینسل کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بڑی تعداد میں مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مسافر تو ایمرجنسی والی حالت میں بیرونِ ممالک سفر کرنے والے تھے، جنھیں سفر منسوخ ہونے کی وجہ سے شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، یا پھر انھیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسافر اپنی پریشانیاں میڈیا اداروں کے سامنے بیان کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی انڈیگو کمپنی کے ساتھ ساتھ مودی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسافروں کو بے یار و مددگار اور پریشان دیکھ کر کانگریس نے فکر مندی ظاہر کی ہے۔ مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اس اہم اپوزیشن پارٹی نے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت اور ان کی وزارت برائے شہری ہوابازی غائب ہے۔ نہ کوئی ذمہ داری، نہ جوابدہی۔‘‘
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ پوسٹ جاری کی ہیں، جس میں نہ صرف مسافروں کی دقتوں کو سامنے رکھا گیا ہے بلکہ بدانتظامی پر بھی افسوس ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک ویڈیو پوسٹ میں فلائٹ کینسل ہونے کے سبب ایک خاتون تشویش میں مبتلا دکھائی دے رہی ہے۔ یہ ویڈیو خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے ساتھ خاتون کی بات چیت پر مبنی ہے، جو کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ خاتون بتاتی ہے کہ ’’مجھے اپنے والد کی ’استھیوں‘ (باقیات) کو ’وِسرجن‘ (گنگا میں بہانے) کرنے کے لیے ہریدوار جانا ہے، لیکن فلائٹ کینسل کر دی گئی۔ دوسری پروازوں میں ایک شخص کا کرایہ 60 ہزار روپے ہے۔ ہم 5 لوگ ہیں، میں اتنا پیسہ خرچ نہیں کر سکتی۔‘‘ اس خاتون کی پریشانی دیکھ کر کانگریس نے کہا کہ ’’فلائٹ کینسل ہونے سے لوگ پریشان ہیں، لیکن حکومت کے کان میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شرم آنی چاہیے۔‘‘
اسی طرح کی مزید ایک ویڈیو کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس میں ایک شخص دیوانوں کی طرح اپنی پریشانی میڈیا کے سامنے بیان کر رہا ہے۔ ’نیوز 24‘ کی اس ویڈیو میں انڈیگو کی پرواز منسوخ ہونے سے مشکل میں مبتلا شخص مدد کی اپیل کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ’’میرے ساتھ آئے لوگوں کو سعودی عرب جانا ہے۔ اگر وہ آج نہیں گئے تو میرا سب کچھ لُٹ جائے گا۔ میرا سارا روپیہ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ اب کیا میں پھانسی لگا لوں؟‘‘ اس شخص کے ہاتھ میں کئی لوگوں کے پاسپورٹ تھے، جسے وہ زمین پر پٹختے ہوئے کہتا ہے کہ اگر وہ اپنے لوگوں کے ساتھ سعودی نہیں پہنچ سکے تو بہت نقصان ہو جائے گا، کیونکہ وہاں ہوٹل اور کیٹرنگ وغیرہ کی رقم پہلے سے ہی ادا کی جا چکی ہے۔ یہ پیسے اب واپس نہیں ملنے والے ہیں۔ کانگریس نے اس شخص کی تکلیفوں کا ذمہ دار مودی حکومت کو قرار دیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’ملک بھر میں پروازیں رَد ہونے سے مسافر پریشان ہیں، لیکن ذمہ دار غائب ہیں، حکومت سوئی ہوئی ہے۔‘‘
کانگریس نے ایک دیگر ’ایکس‘ پوسٹ میں موجودہ خراب حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’آج انڈیگو نے اپنی سبھی پروازیں رد کر دی ہیں۔ گزشتہ 3 دنوں میں 1300 سے زیادہ پروازیں کینسل ہو چکی ہیں۔ بزرگ، بچے، خواتین پریشان ہیں۔ مسافروں گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ مسافروں کو نہ کھانا مل رہا اور نہ پانی۔‘‘ مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’مودی حکومت اور ان کی وزارت برائے شہری ہوابازی غائب ہے۔ نہ کوئی ذمہ داری، نہ جوابدہی۔ مودی حکومت نے مسافروں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔