ہوائی سفر کے لیے بڑھتی بھیڑ کے درمیان ’انڈیگو‘ نے مسافروں کو پرواز سے 3.5 گھنٹے قبل ہوائی اڈہ پہنچنے کا دیا مشورہ

انڈیگو نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مسافروں سے گزارش ہے وہ گھریلو پرواز سے کم از کم 3.5 گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پر پہنچیں اور 7 کلوگرام وزن کا صرف ایک سامان لے جائیں۔‘‘

انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہوائی سفر کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کے درمیان انڈیگو ایئرلائنز نے مسافروں کو گھریلو پرواز سے کم از کم 3.5 گھنٹے پہلے دہلی ہوائی اڈہ پہنچنے کے لیے ایک مشورہ جاری کیا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں سے بہتر سیکورٹی جانچ کے لیے 7 کلوگرام وزن کا صرف ایک ہینڈ بیگج لے جانے کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی زبردست بھیڑ دکھائی دے رہی ہے اور چیک اِن اور بورڈنگ کا وقت معمول سے زیادہ ہونے کی امید ہے۔ انڈیگو نے ٹوئٹر پر اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ گھریلو پرواز سے کم از کم 3.5 گھنٹے پہلے ہوائی اڈہ پر پہنچیں اور 7 کلوگرام وزن کا صرف ایک بیگ لے جائیں۔


انڈیگو ایئرلائنز نے ہوائی مسافروں کو دہلی ایئرپورٹ ٹرمینل 3 پر داخلے کے لیے گیٹ نمبر 5 اور 6 کا استعمال کرنے کے لیے بھی رہنمائی کی ہے۔ اس کے پہلے دہلی ہوائی اڈہ پر بے ضابطگی اور بھیڑ کی بدانتظامی کی بڑھتی شکایتوں کے درمیان شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے موقع پر پہنچ کر اچانک جائزہ لیا۔ وزیر نے سینئر افسران کو بہتر انتظام کے لیے ہدایت دی۔ اس درمیان ہوائی اڈے پر طویل قطاروں کی شکایتیں آتی رہیں۔

ایک مسافر جوئے بھٹاچاریہ نے منگل کی صبح اپنے بیان میں کہا کہ ’’آج صبح کی دہلی ہوائی اڈے کی داستان۔ دہلی ہوائی اڈے پر سیکورٹی لائنیں 70 کی دہائی میں راشن کی دکانوں کی طرح یا ایسٹ بنگال و موہن بگان کا میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ کاؤنٹرس پر لگی بھیڑ کی طرح تھی۔‘‘


واضح رہے کہ دہلی ہوائی اڈہ ملک کے سب سے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے اور یہاں روزانہ 1100 سے زیادہ پروازیں منزل کی طرف جاتی ہیں۔ ٹرمینل 3 سب سے زیادہ مصروف رہتا ہے۔ بھیڑ والے اوقات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آپریٹروں کو ٹرمینل 3 سے دیگر ٹرمینلز پر پروازیں منتقل کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔