مودی اور شاہ زبان سے گاندھی، دل سے گوڈسے کے پرستار: کانگریس

سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی اگر ان لیڈروں کے بیانات سے متفق نہیں ہے تو مودی اور شاہ کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے اور ہیگڑے کو وزیر کے عہدہ سے برخاست کرنا اور پرگیا ٹھاکر کی امیدواری واپس لینی چاہئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دینے اور اس سے اتفاق کرنے والے بی جے پی کے لیڈروں کے بیانات کو مجاہدین آزادی اور تاریخی شخصیات کے خلاف درپردہ جنگ قرا ردیتے ہوئے کہا کہ ان لیڈروں کے خلاف کارروائی نہیں کرکے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ زبان سے گاندھی اور دل سے گوڈسے کے پرستار ہیں۔

کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت نے مجاہدین آزادی اور تاریخی شخصیات کے خلاف درپردہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ روزنیامکھوٹا لگا کر مودی کا کوئی پرستا ر ہندوستان کی آتما ’مہاتما‘ کی توہین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کی سالمیت کے خلاف مودی حکومت کی گوریلا جنگ ہے۔

سرجے والا نے بی جے پی لیڈر سادھوی پرگیا ٹھاکر کے گوڈسے کو محب وطن قرار دینے اور پھر مرکزی حکومت کے وزیر اننت کمار ہیگڑے کے ذریعہ ان کے خیالات کی تائید کرنے‘ مدھیہ پردیش بی جے پی میڈیا انچارج انل سومتر کے مہاتما گاندھی کو پاکستان کا ’راشٹر پتا‘ قراردینے اور بی جے پی کے لیڈر نلن کٹل کے گوڈسے کی تعریف کرنے اور ان تمام لوگوں کے خلاف کسی طرح کی کارروائی نہیں کرنے سے ثابت ہوگیا ہے کہ مودی۔ شاہ کی جوڑی زبان سے گاندھی اور دل سے گوڈسے کے پرستا ر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی تشدد اور متشدد ذہنیت کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ پارٹی عدم تشدد ہندوستان کے بنیادی نظریات کے خلاف ایک سیاسی تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اور شہ کو بتانا چاہئے کہ کیا مجاہدین آزادی کی توہین کرنا بی جے پی کی اصل طرز حیات ہے اور کیا بی جے پی قیادت اپنے ان لیڈروں کے خیالات سے متفق ہے۔

سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی اگر ان لیڈروں کے بیانات سے متفق نہیں ہے تو مودی اور شاہ کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے اور ہیگڑے کو وزیر کے عہدہ سے برخاست کرنا اور پرگیا ٹھاکر کی امیدواری واپس لینی چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔