’انڈین یوتھ کانگریس‘ کا بے روزگاری اور پیپر لیک کے مسئلہ پر جنتر منتر پر زبردست احتجاج

منگل (25 مارچ) کو دہلی کے جنتر منتر پر انڈین یوتھ کانگریس نے ملک میں بے روزگاری، پیپر لیک اور منشیات کے معاملے میں ہو رہے بے تحاشہ اضافے کے خلاف اودے بھانو چِب کی قیادت میں زبردست احتجاج کیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/UdayBhanuIYC">UdayBhanuIYC</a></p></div>

تصویرUdayBhanuIYC

user

قومی آواز بیورو

یوتھ کانگریس کے لیڈران نے ملکی سطح پر بے روزگاری اور نوجوانوں سے متعلق مسائل زور و شور سے اٹھانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ایک طرف بہار میں ’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ یاترا چل رہی ہے، اور دوسری طرف آج دہلی واقع جنتر منتر پر یوتھ کانگریس کے لیڈران نے ’ملازمت دو، زنجیر نہیں‘ نعرہ بلند کرتے ہوئے برسراقتدار طبقہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) کے قومی صدر اودے بھانو چِب نے ملک میں بے روزگاری، پیپر لیک اور منشیات کے معاملوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔

اودے بھانو چِب کی قیادت میں ہوئے اس مظاہرہ سے متعلق کچھ ویڈیوز کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کی ہیں۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ملک میں بے روزگاری، پیپر لیک اور نشہ خوری بڑھتی جا رہی ہے۔ نوجوان اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، لیکن حکومت سو رہی ہے۔ مودی حکومت کی اس غفلت اور ناکامی کے خلاف انڈین یوتھ کانگریس کے ساتھیوں نے یوتھ کانگریس صدر اودے بھانو چِب کی قیادت میں ’ملازمت دو، زنجیریں نہیں‘ کے تحت اپنی آواز بلند کی۔‘‘


پارٹی کے نوجوان لیڈران اور کارکنان کی حوصلہ افزائی کے لیے اس احتجاج میں کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’آج ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے یا تو بے روزگاری ہے، یا پھر نشے کا انجیکشن۔ ان کے پاس اب روزگار لے کر آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ملک کے نوجوانوں کو روزگار کیسے ملے، اس کے لیے ایوان کی کارروائی روک کر ایک ہفتے کے لیے ایک خصوصوی اجلاس چلایا جانا چاہیے۔ اس دوران تعلیم اور روزگار سے متعلق ایشوز پر ہی بحث ہو۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے چند اہم نکات کی طرف اشارہ بھی کیا جس کو خصوصی اجلاس میں مدنظر رکھا جا سکتا ہے۔ مثلاً نوکریاں کہاں سے دی جائیں گی؟ کتنی نوکریاں دی جائیں گی؟ کتنا بجٹ طے کیا جائے گا؟

احتجاج کے منچ سے خطاب کرتے ہوئے انڈین یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چِب نے کہا کہ ’’آج جب دنیا کے تمام ممالک ترقی کر رہے ہیں، تب ہندوستان کا شیئر بازار تباہ ہے۔ ہندوستان میں نوجوان بے روزگار ہیں۔ آج ملک میں قریب 50 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’غیر ملکی سرمایہ کار ہم پر اعتماد نہیں کر رہے ہیں، وہ اپنا پیسہ ہندوستانی شیئر مارکیٹ سے نکال کر اس چین کے شیئر بازار میں لگا رہے ہیں، جو ہمیں اکثر سرحد پر پریشان کرتا رہتا ہے۔‘‘


اودے بھانو چِب نے برسراقتدار طبقہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگنی ویر اسکیم سے بی جے پی ملک کی فوج کو کمزور کر رہی ہے۔ جن نوجوانوں نے نریندر مودی کو وزیر اعظم بنایا آج انہی کا مستقبل برباد کیا جا رہا ہے، لیکن ہم سوال پوچھنا بند نہیں کریں گے۔‘‘ انہوں نے مرکزی حکومت کے سامنے کچھ اہم سوالات بھی رکھے، جو اس طرح ہیں:

  1. نوجوانوں کو روزگار کیوں نہیں مل رہا؟

  2. امریکہ سے واپس آئے لوگوں کو ہتھکڑی میں کیوں جکڑا گیا؟

  3. مادر ہند کی توہین کرنے کی ہمت امریکہ کو کیسے ہوئی؟

انڈین یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو نے پرعزم انداز میں کہا کہ ’’ہم مادرِ ہند کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔ اگر کوئی بھی ایسی حماقت کرے گا تو یوتھ کانگریس اس کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔