میکسیکو کے 50 فیصد ٹیرف پر ہندوستان نے کیا خبردار!

ایک حکومتی اہلکار کا کہنا ہے ہندوستان کا کامرس ڈپارٹمنٹ میکسیکو کی وزارت خزانہ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ عالمی تجارتی قوانین کے مطابق باہمی طور پر فائدہ مند حل تلاش کیا جا سکے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

 امریکہ کے بعد میکسیکو نے بھی ہندوستان سے درآمد کی جانے والی منتخب اشیا پر50 فیصد ٹیرف لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان نے میکسیکو کے اس اقدام کا جواب دیا ہے اور ایک حکومتی اہلکار نے ہفتہ کو بتایا کہ میکسیکو کے فیصلے کے بعد نئی دہلی نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے سے خبردارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرتے ہوئے ملک کے برآمد کنندگان کے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

’پی ٹی آئی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اہلکار نے کہا کہ اس معاملے میں بل پیش کئے جانے کے بعد سے ہی ہندوستان میکسیکو کے ساتھ رابطے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا کامرس ڈپارٹمنٹ میکسیکو کی وزارت خزانہ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ عالمی تجارتی قوانین کے مطابق باہمی طور پر فائدہ مند حل تلاش کیا جا سکے۔


اس معاملے پر ہندوستان کے کامرس سکریٹری راجیش اگروال اور میکسیکو کے نائب وزیر خزانہ لوئس روزینڈو کے درمیان پہلے ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہو چکی ہے اور اس کے بعد اب فالوآپ میٹنگ متوقع ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ پیشگی مذاکرات کے بغیر یکطرفہ طور پر ایم ایف این ٹیرف میں یکطرفہ اضافہ نہ تو ہمارے تعاون پر مبنی اقتصادی تعلقات کی روح کے مطابق ہے اور نہ ہی کثیر الجہت تجارتی نظام کی پیش گوئی اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق ہے۔

میکسیکو کی جانب سے یہ قومی صنعت اور مینوفیکچررس کے تحفظ کے لیے لگائے جارہے یہ ٹیرف یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ اہلکار نے کہا کہ ہندوستان میکسیکو کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک میں کاروبار اور صارفین کے مفاد میں ایک مستحکم اور متوازن تجارتی ماحول کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔


اس دوران میکسیکو کے روزنامہ ’ایل یونیورسل‘ کے مطابق میکسیکو نے ہندوستان سے درآمد کی جانے والی مصنوعات جیسے آٹو پارٹس، ہلکی کاریں، کپڑے، پلاسٹک، اسٹیل، گھریلو سامان، کھلونے، فرنیچر، جوتے، چمڑے کے سامان، کاغذ، کارڈ بورڈ، موٹرسائیکل، ایلومینیم، ٹریلر، شیشہ، صابن، پرفیوم اور کاسمیٹکس جیسے مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا ہے۔