ملک کو راہل گاندھی جیسے لیڈر کی ضرورت: بی جے پی رکن اسمبلی

گوا کے ڈپٹی اسپیکر اور بی جے پی رکن اسمبلی مائیکل لوبو نے راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انکساری و سادگی قابل قدر ہے اور گوا سمیت پورے ہندوستان کے عوام کو اس کی تعریف کرنی چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم مودی اور ان کے حامی کانگریس صدر راہل گاندھی کی اکثر برائی کرتے نظر آتے ہیں لیکن دھیرے دھیرے راہل گاندھی کی انکساری اور سادگی اپنا اثر دکھانے لگی ہے۔ اس کی مثال گوا سے بی جے پی رکن اسمبلی مائیکل لوبو کا تازہ بیان ہے جس میں وہ کانگریس صدر کی زبردست تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ دراصل گوا دورہ کے دوران راہل گاندھی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی عیادت کی تھی جس سے لوبو کافی متاثر ہوئے۔ گوا کے ڈپٹی اسپیکر اور بی جے پی رکن اسمبلی لوبو نے تعریف کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’کانگریس صدر راہل گاندھی کی سادگی اور انکساری کی تعریف گوا کے لوگوں اور ملک بھر کے لوگوں کے ذریعہ کی جانی چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’وہ بہت ہی سادہ مزاج شخص ہیں اور گوا و ملک کو ایسے ہی لیڈروں کی ضرورت ہے۔‘‘

مائیکل لوبو نے راہل گاندھی کے ذریعہ بیمار چل رہے گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی عیادت کا تذکرہ کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ’’ہمارے وزیر اعلیٰ کی طبیعت دریافت کرنے کے لیے راہل گاندھی خاص دورے پر آئے۔ ان کی سادگی اور انکساری کی تعریف گوا سمیت سبھی ہندوستانیوں کو کرنی چاہیے۔ اپنے نجی دورے میں راہل گاندھی وزیر اعلیٰ سے ملنے اسمبلی آئے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے منگل کو گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر سے اسمبلی احاطہ میں ملاقات کی تھی اور ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا تھا۔ 63 سالہ پاریکر پیٹ سے متعلق بیماری میں مبتلا ہیں۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ایک دن قبل ہی راہل گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ گوا آڈیو ٹیپ مصدقہ ہے اور گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے پاس اس ایشو سے منسلک دھماکہ کرنے والے راز ہیں۔ کانگریس نے اس ٹیپ کا حوالہ دیتے ہوئے رافیل معاملہ پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

بہر حال، راہل گاندھی کے ذریعہ منوہر پاریکر کی عیادت کیے جانے کو دانشور طبقہ میں بھی کافی مثبت نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ گوا حکومت میں وزیر وجے سردیسائی نے بھی اس عمل کو خوش کن بتایا تھا اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا تھا کہ ’’میں نے وزیر اعلیٰ سے پوچھا تھا۔ انھوں نے مجھ سے کہا تھا کہ چار پانچ بار راہل گاندھی نے ان کے (پاریکر کے) بیٹے کو فون کر طبیعت کے بارے میں پوچھا تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’’سیاست میں یہ مثبت واقعہ ہے۔ ملک میں سیاسی قیادت اپنے مخالفین کی صحت کو لے کر بھی فکر مند ہے، یہ ایسی چیز ہے جس کی تعریف کی جانی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔