انڈیا اتحاد: مہاراشٹر میں سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے، سنجے راؤت کا اعلان

سنجے راؤت نے دعویٰ کیا ہے کہ مہاراشٹر ایک ایسی ریاست بنے گا جہاں پر انڈیا اتحاد کو لوک سبھا انتخاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی، ہمارے درمیان سیٹوں کو لے کر اب کوئی نااتفاقی نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ</p></div>

اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سیٹوں کی تقسیم کو لے کر انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیاں ہر ریاست میں لگاتار میٹنگیں کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں آج مہاراشٹر میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر اتحادی پارٹیوں کے لیڈران نے انتہائی اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے اعلان کیا کہ ’’ہم سبھی ایک ساتھ ہیں اور ایک ساتھ ہی انتخاب لڑیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر ایک ایسی ریاست بنے گا جہاں پر انڈیا اتحاد کو لوک سبھا انتخاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی۔

مہاراشٹر میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر سنجے راؤت نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی نااتفاقی نہیں ہے۔ سبھی سیٹوں کو لے کر بات ہو گئی ہے اور ہم سبھی اس پر متفق بھی ہیں۔ کس پارٹی کے لیے کتنی سیٹیں طے ہوئی ہیں، اس سلسلے میں تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کی بات سنجے راؤت نے کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ونچت اگھاڑی‘ سے فی الحال بات چیت چل رہی ہے، وہ بھی انڈیا اتحاد اور مہاوکاس اگھاڑی میں شامل ہوں گے۔


واضح رہے کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا کی مجموعی طور پر 48 سیٹیں ہیں۔ اس ریاست میں انڈیا اتحاد کی پارٹیوں پر نظر ڈالی جائے تو ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا (یو بی ٹی)، کانگریس اور شرد پوار گروپ کی این سی پی شامل ہے۔ بھارت رتن بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کی پارٹی بہوجن وکاس اگھاڑی کو بھی انڈیا اتحاد میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

بہرحال، آج ہوئی میٹنگ میں شامل این سی پی (شرد پوار گروپ) کے لیڈر جتیندر اوہاڈ نے بھی کہا کہ انڈیا اتحاد کے درمیان سیٹوں کو لے کر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ سب ایک ساتھ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میٹنگ میں سبھی سیٹوں کو لے کر تبادلہ خیال ہوا اور میٹنگ بے حد مثبت رہی۔ جتیندر اوہاڈ کا کہنا ہے کہ میٹنگ امید سے زیادہ کامیاب رہی، ہمارے درمیان کوئی نااتفاقی نہیں ہے۔


واضح رہے کہ انڈیا اتحاد کے لیڈران پورے ملک میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر لگاتار میٹنگیں کر رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی میٹنگوں کا دور جاری ہے۔ اتر پردیش میں بھی سیٹوں کی تقسیم کو لے کر آج میٹنگ ہوئی جس کے بعد سماجوادی پارٹی لیڈر رام گوپال یادو نے کہا کہ میٹنگ بڑے اچھے ماحول میں ہوئی۔ سیٹوں کو لے کر آخری فیصلہ جلد ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔