سبھی اضلاع میں روسٹر کے مطابق ہو بجلی کی سپلائی: یوگی

یوگی نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ کانوں سے پاور پلانٹس تک کوئلے کی نقل و حمل کے لیے ریل کے ساتھ ساتھ سڑک کا بھی استعمال کیا جائے۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ
یوگی آدتیہ ناتھ
user

یو این آئی

لکھنؤ: توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ سبھی 75 اضلاع میں روسٹر کے مطابق غیر منقطع بجلی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یوگی نے افسران کو ہدایت دی کہ کانوں سے پاور پلانٹس تک کوئلے کی نقل و حمل کے لیے ریل کے ساتھ ساتھ سڑک کا بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی شدید ضرورت ہے۔ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ وزیر توانائی کو چاہیے کہ وہ محکمہ بجلی کے کام کاج کا جائزہ لیں اور ہر سطح پر جامع تبدیلیوں کے لیے کوششیں کریں۔


انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے لیے صارفین کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کو صحیح بل ملے اور وقت پر ملے۔ اوور بلنگ، غلط بلنگ یا دیر سے بلنگ صارفین کو تکلیف کا باعث بنتی ہے۔ اس نظام کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ توانائی کو بلنگ اور وصولی کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ٹھوس ایکشن پلان بنانا ہوگا۔ دیہی علاقوں میں خصوصی کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی نے کہا کہ بجلی بل کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ون ٹائم سیٹلمنٹ سکیم (OTS) متعارف کرائی جائے۔ اسکیم ایسی ہونی چاہیے، جس میں لوگوں کو بقایاجات پر سود سے چھوٹ ملے، قسط میں ادائیگی کی سہولت ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔