گزشتہ 70 برسوں میں جمہوری ہندوستان نے شاندار ترقی کی: ڈونالڈ ٹرمپ

ڈونالڈ ٹرمپ دو روزہ ہندوستان دورہ پر ہیں اور احمد آباد میں ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ اس دوران موٹیرا اسٹیڈیم میں انھوں نے کہا کہ ’’آج سے ہندوستان ہمیشہ ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام رکھے گا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ہندوستان اور امریکہ کو ایک فطری دوست قرار دیا اور ہندوستان کی غیر معمولی ترقی اور اس کے اقدار کی بھرپور تعریف کی۔ ہندوستان کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے ٹرمپ نے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موجودگی میں ان کے استقبال میں منعقد ’نمستے ٹرمپ‘ میں مودی اور ہندوستان کی زبردست تعریف بھی کی اور دونوں ممالک کے رشتوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔

انہوں نے دہشت گردی، دفاعی تعاو ن، خلائی پروگراموں سمیت کئی موضوعات کا ذکر کیا اور کل نئی دہلی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے جدید امریکی ہیلی کاپٹر اور دیگر دفاعی آلات کے چار ارب ڈالر سے زیادہ پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بالی ووڈ اور کرکٹ کابھی ذکر کیا اور شعلے اور ڈی ڈی ایل جے جیسی فلموں اور سچن تندولکر اور وراٹ کوہلی جیسے عظیم کرکٹروں کا بھی نام لیا۔


اپنے شاندار استقبال سے متاثر امریکی صدر نے اسٹیج پر مودی کی موجودگی میں تقریباً 26 منٹ طویل اپنے خطاب کی ابتدا میں کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ملینیا 8000 میل کی دوری طے کرتے ہوئے ہر ہندوستانیوں کو یہ پیغام دینے کےلئے آئے ہیں کہ امریکہ ہندوستان کی عزت کرتا ہے اورا سے پیار کرتا ہے اور یہ ہمیشہ ایک قابل اعتماد دوست رہے گا۔

مودی کی پانچ ماہ پہلے ہوئی امریکی دورے کے دوران ہیوسٹن میں منعقد ہاؤڈی مودی پروگرام کو یاد کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ پانچ ماہ پہلے ہم نے مودی کا فٹبال اسٹیڈیم میں خیر مقدم کیا تھا اور آج ہندوستان نے ہمارا استقبال دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا ہے جو بہت ہی شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس استقبال اور خیر مقدم کو ان کا ملک اور ان کا خاندان ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے اپنے خصوصی لہجے میں کہا کہ ’’آج سے ہندوستان ہمیشہ ہمارے دلوں میں ایک خصوصی مقام رکھے گا۔‘‘ ٹرمپ نے وزیراعظم مودی کی بہت تعریف کی اور ان کے چائے بیچنے والے سے لے کر وزیراعظم بننے تک کی مثال دیتے ہوئےکہا کہ ان کی زندگی کی کہانی ہندوستانیوں کی لامحدود اہلیتوں کی طرف اشارہ کرتی ہے۔


انہوں نے کہاکہ مودی نے اپنی زندگی کی ابتدا اپنے والد کے بغل میں کھڑے ہوکر چائے بیچنے والے کے طور پر کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی آپ صرف گجرات کے فخر ہی نہیں ہیں بلکہ آپ اس بات کے زندہ ثبوت ہیں کہ محنتی ہندوستانی جو بھی چاہے اسے حاصل کرسکتا ہے۔ ان کی کہانی دل کو چھونے والی ہے اور ایسی ہی کہانی ہندوستان کی بھی ہے جو بہت ہی اچھا کررہا ہے۔ ہم سبھی کو ہندوستان پر بہت فخر ہے۔ گزشتہ 70 برسوں میں جمہوری ہندوستان نے شاندار ترقی کی ہے۔ ہندوستان پوری انسانیت کے لئے امید کی کرن ہے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ اس صدی کی ابتدا سے اب تک ہندوستان کی معیشت چھ گنی ہوگئی ہے ۔ یہاں 27 کروڑ لوگ ایک عشرے میں ہی غربت سے باہر نکلے ہیں۔ وزیراعظم مودی کے دور اقتدار میں تاریخ میں پہلی مرتبہ ہندوستان کے سارے گاؤں میں بجلی پہنچ گئی ہے۔32 کروڑ لوگ انٹرنیٹ کا استعمال کرنے لگے ہیں۔ ملک میں شاہراہوں کی بننے کی رفتار دو گنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ 7کروڑ خاندانوں کر رسوئی ایندھن ملا ۔ہندوستان بہت ہی جلدمتوسط طبقوں کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔