کانگریس کا منفرد احتجاج: مودی کے فوٹو اور دستخط والے 15 لاکھ کے چیک کیے جاری

سال 2014 میں مودی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اگر جیت گئے تو ہر کسی کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے ڈالے جائیں گے، پورا نہ کیے جانے کی وجہ سے ان کا یہ وعدہ اب ان کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے چناؤ جیتنے پر لوگوں کے کھاتے میں 15-15 لاکھ روپے ڈالنے کا وعدہ کیا تھا۔ ان کا یہ وعدہ پورا نہیں ہو سکا اور وہ ایک جملہ ثابت ہوا۔ اب ملک بھر میں ان کے اس وعدے کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں اور ان کا یہ جھوٹا وعدہ ان کے گلے کی ہڈی بنا ہوا ہے۔

کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی وزیر اعظم کی طرف سے وعدہ پورا نہ کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ احتجاج درج کرانے کے لئے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے بے حد جدا انداز اختیار کیا۔ کانگریس رہنماؤں نے مودی کے دستخط والے 15-15 لاکھ کے چیک جاری کر دیئے ہیں۔ منگل کے روز پارلیمنٹ کے احاطہ میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ان چیکوں کو تھامے ہوئے نظر آئے۔

چیک ہوبہو اصل چیک کی طرح نظر رہے تھے حالانکہ ان پر پھینکو بینک لکھا ہوا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر بھی لگا دی گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں ان چیکوں پر وزیر اعظم نریندر مودی کے دستخط بھی پرنٹ کر دیئے گئے ہیں۔

کانگریس کا منفرد احتجاج: مودی کے فوٹو اور دستخط والے 15 لاکھ کے چیک کیے جاری

غور طلب ہے کہ سال 2014 میں مودی نے انتخابات کے دوران لوگوں سے متعدد وعدے کیے تھے۔ انہیں میں سے ایک 15 لاکھ روپے دینے کا بھی وعدہ تھا۔ لیکن جب وعدہ پورا کرنے کا وقت آیا تو بی جے پی نے ان وعدوں کو چناوی جملہ کہنا شروع کر دیا۔ اس کو لے کر کافی دنوں سے بی جے پی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔

اب چناؤ نزدیک آنے پر این ڈی اے کے رہنما پھر سے لوگوں کو سبزباغ دکھانے میں مصروف ہیں۔ مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کچھ دنوں قبل کہا کہ ’’آر بی آئی سے پیسوں کی مانگ کی جا رہے لیکن آر بی آئی نے پیسہ نہیں دیا۔ پیسہ ملنے کے بعد دھیرے دھیرے اسے لوگوں کے کھاتوں میں ڈال دیا جائے گا۔‘‘ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ رقم کھاتوں میں منتقل کرنے میں کچھ دشواریوں کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے 2014 کے لوک سبھا چناؤ کے دوران ملک بھر میں گھوم گھوم کر چناؤ جیتنے پر ہر کسی کے کھاتے میں 15-15 لاکھ پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔ حالانکہ بعد میں چناؤ جیتنے پر ایک انٹرویو کے دوران بی جے پی کے صدر امت شاہ نے صاف طور پر اپنے اس وعدے کو جملہ قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ چناؤ جیتنے کے لئے اس طرح کے وعدے کیے جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔