مہاراشٹر میں خواتین آزادانہ طور پر حجاب پہن کر گھوم سکتی ہیں، گورنر کوشیاری کی یقین دہانی

گورنر کوشیاری نے سماج وادی پارٹی کے خواتین وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ ریاست مہاراشٹر میں ایسا کوئی قانون نافذ نہیں کیا جائے گا جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب لگے۔

گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور سماج وادی پارٹی کا وفد
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور سماج وادی پارٹی کا وفد
user

محی الدین التمش

ممبئی: ملک میں جاری حجاب تنازعے کے بیچ مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے خواتین کے ایک وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ مہاراشٹر میں حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب پڑے۔ حجاب کے معاملے کو لے کر ممبئی اور مہاراشٹر میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے اور جگہ جگہ احتجاج بھی ہو رہے ہیں۔ اس درمیان مہاراشٹر پولیس نے ریاست میں نظم و نسق کی صورت حال کے پیش نظر ممبئی اور مہاراشٹر کے بیشتر اضلاع میں احتجاج کی اجازت کو منسوخ کر دیا۔

اس درمیان گورنر کوشیاری نے سماج وادی پارٹی کے خواتین وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ ریاست مہاراشٹر میں ایسا کوئی قانون نافذ نہیں کیا جائے گا جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب لگے۔ حجاب کے معاملے کو لے کر ممبئی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور حجاب کے متعلق اسلامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی ضرورت اور اہمیت کو واضح کیا۔


گورنر کوشیاری نے سماج وادی پارٹی کے خواتین وفد کو یقین دلایا کہ وہ مہاراشٹر میں حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب لگے۔ بھگت سنگھ کوشیاری نے کہا کہ خواتین ریاست میں آزادانہ طور پر حجاب پہن کر گھوم سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں طالبات پر حجاب پہن کر آنے پر پابندی عائد کرنے کے خلاف سماج وادی پارٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں ممبئی اور بھیونڈی میں پرامن دستخطی مہم چلائی گئی تھی، اس مہم سے حاصل دس ہزار خواتین کے دستخط شدہ میمورنڈم کو گورنر کے حوالے کیا گیا۔

سماج وادی پارٹی کی رہنما عائشہ انصاری، غزالہ انصاری، آفرین خان اور عارفہ انصاری نے وفد کی جانب سے گورنر کوشیاری سے بات چیت کی اور انہیں مذہب اسلام میں حجاب کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کروایا۔ مذکورہ وفد کی بات سننے کے بعد گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے، جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب پڑے۔


سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ گورنر نے وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ ریاست میں حجاب کے خلاف قانون نہیں بننے دیا جائے گا اور ریاست میں خواتین کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وفد میں شامل آفرین خان نے کہا کہ حجاب کے معاملے کو لے کر ممبئی کی خواتین میں کافی بے چینی اور غم و غصہ تھا، گزشتہ دنوں ممبئی کے مدن پورہ اور بھیونڈی میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے دستخطی مہم بھی رکھی گئی تھی۔ گورنر کی یقین دہانی ریاست کی باحجاب خواتین کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔

وفد میں شامل عارفہ انصاری نے کہا کہ کچھ روز پہلے ممبئی کے ایک کالج کے پراسپیکٹس میں حجاب پہن کر کیمپس میں نہ آنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے مسلم طالبات میں بے چینی پائی جا رہی تھی، اس درمیان ریاست کے گورنر کوشیاری کی یقین دہانی باعث سکون ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔