مہاراشٹر میں ہنومان چالیسہ پر ہنگامہ، رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کے گھر میں داخل ہو گئے شیو سینک

ہنومان چالیسہ تنازعہ اب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے گھر ماتوشری تک پہنچ گیا ہے۔ امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا نے آج ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے کا اعلان کیا ہے۔

نونیت رانا، تصویر آئی اے این ایس
نونیت رانا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا بھی مہاراشٹر میں ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کے ذریعہ شروع کئے گئے ہنومان چالیسہ تنازعہ میں کود پڑی ہیں اور یہ لڑائی اب ادھوٹھاکرے کے گھر ماتوشری تک پہنچ گئی ہے۔

دراصل امراوتی کی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا نے آج ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اعلان کے بعد مہاراشٹر میں سیاسی پارا ایک بار پھر چڑھ گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ناراض شیوسینکوں نے ہفتہ کی صبح نونیت رانا کے گھر کے باہر کافی ہنگامہ کیا۔ خبروں کے مطابق کارکن بیریکیڈ توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔ اسی دوران اس ہنگامہ کے بعد نونیت رانا نے کہا وہ نیچے جائیں گی اور گیٹ کے باہر بھی جائیں گی، انہیں کوئی روک نہیں سکتا اور اگر ان پر کوئی حملہ ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پر ہوگی۔


اس اعلان کے بعد ممبئی پولیس نے ایم پی نونیت رانا کو نوٹس بھیجا ہے۔ اس نوٹس میں سی ایم ادھو ٹھاکرے کے گھر کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ممبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ اگر نونیت رانا اور ان کے شوہر اپنے گھر سے باہر آنے کی کوشش کریں گے تو انہیں باہر نہیں جانے دیا جائے گا اور اگر انہوں نے زبردستی کی تو پولیس کارروائی کرے گی۔ بتا دیں کہ نونیت رانا آج صبح 9 بجے ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے والی تھیں۔ ساتھ ہی اس تنازعہ کے بعد خطرے کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے نونیت رانا کو ’وائی‘ زمرہ کی سیکورٹی فراہم کی ہے۔

اس دوران شیوسینا رہنما سنجے راؤت نے کہا کہ یہ مذہب کی آڑ میں ایک اسٹنٹ ہے۔ انہوں نے نونیت اور ان کے ایم ایل اے شوہر کو بنٹی ببلی کہہ کر بلایا۔ دوسری جانب اس اعلان کے بعد شیوسینک بھی چوکس ہیں۔ ماتوشری پر شیوسینکوں کی بھیڑ کی وجہ سے مغربی ایکسپریس وے پر اندھیری سے باندرہ تک سڑک پر زبردست جام لگ گیا۔


نونیت رانا کا پورا نام نونیت کور رانا ہے۔ وہ ممبئی کے ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئی ہیں۔ نونیت کے والد فوج میں تھے۔ رانا نے 12ویں کے بعد پڑھائی چھوڑ کر ماڈلنگ کے شعبے کا انتخاب کیا اور اسی میں اپنا کیرئیر بنایا۔ ماڈلنگ کے علاوہ اس نے کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ نونیت کی شادی روی رانا سے ہوئی تھی اور ان سے شادی کے بعد ہی وہ سیاست میں آئیں۔

نونیت رانا نے 2014 کا لوک سبھا الیکشن کانگریس کے ٹکٹ پر لڑا، لیکن ہار گئیں۔ 2019 میں این سی پی اور کانگریس کی حمایت سے وہ امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں ہیں۔ انہوں نے اس سیٹ پر شیوسینا کے امیدوار کو شکست دی تھی۔ نونیت کے شوہر روی رانا مہاراشٹر میں آزاد رکن اسمبلی ہیں اور یوگا گرو بابا رام دیو کے بھتیجے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔