کرناٹک میں جگہ جگہ دیواروں پر سرخ رنگ سے لکھا نظر آ رہا ’جوائن سی آئی ایف‘، پولیس نے درج کیا معاملہ

پولیس سپرنٹنڈنٹ جی کے متھن کمار کا کہنا ہے کہ اتوار کو شکاری پورہ تعلقہ کے شیرالکوپا پولیس تھانہ میں شہر میں کم از کم 9 مقامات پر ’جوائن سی ایف آئی‘ لکھا پایا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک میں شیوموگا ضلع کے شیرالاکوپا شہر کے کئی حصوں میں دیواروں پر ایسی عبارت لکھی ہوئی نظر آ رہی ہے، جس پر چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ دراصل ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی طلبا تنظیم کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی) کے تعلق سے کئی جگہ دیواروں پر سرخ رنگ سے لکھا گیا ہے ’جوائن سی ایف آئی‘۔ دیواروں پر لکھی ایسی تحریروں کو دیکھتے ہوئے پولیس نے معاملے پر از خود نوٹس لیا ہے اور معاملہ درج کر کے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ جی کے متھن کمار کا کہنا ہے کہ اتوار کو شکاری پورہ تعلقہ کے شیرالکوپا پولیس تھانہ میں شہر میں کم از کم 9 مقامات پر ’جوائن سی ایف آئی‘ لکھا پایا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ 28 نومبر کو پولیس گشت کے دوران یہ تحریر دیکھی گئی اور انھیں فوراً مٹا دیا گیا۔


قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے رواں سال ستمبر ماہ میں دہشت گردانہ فنڈنگ و دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل پائے جانے کے بعد شدت پسند تنظیم پی ایف آئی پر پانچ سال کی پابندی لگا دی تھی۔ سی ایف آئی بھی اسی کی طلبا تنظیم ہے۔ کرناٹک میں دیواروں پر ’جوائن سی ایف آئی‘ تحریر دیکھے جانے کے بعد پولیس اور سیکورٹی نظام الرٹ ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔