لالو پرساد کا سنگاپور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیاب، بیٹی روہنی نے دی کڈنی، دونوں صحت مند، تیجسوی نے شیئر کیا ویڈیو

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو نے لالو پرساد کو آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں لے جاتے ہوئے ایک ویڈیو ٹوئٹ کر ان کی صحت سے متعلق جانکاری دی ہے۔

لالو پرساد یادو، تصویر ویڈیو گریب
لالو پرساد یادو، تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو طویل مدت سے بیمار چل رہے ہیں اور آج ان کا سنگاپور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔ یہ آپریشن کامیاب رہا اور لالو پرساد کو آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔ لالو کو ان کی بیٹی روہنی کی کڈنی لگائی گئی ہے اور اب دونوں ہی صحت مند بتائے جا رہے ہیں۔ روہنی نے آپریشن سے پہلے اپنے والد کو ’بھگوان‘ بتاتے ہوئے بچپن کی ایک تصویر بھی شیئر کی۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو نے لالو پرساد کو آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں لے جاتے ہوئے ایک ویڈیو ٹوئٹ کر ان کی صحت سے متعلق جانکاری دی ہے۔ انھوں نے ویڈیو کے ساتھ اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’پاپا کا کڈنی ٹرانسپلانٹ آپریشن کامیاب ہونے کے بعد انھیں آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ ڈونر بہن روہنی آچاریہ اور قومی صدر (لالو پرساد) دونوں صحت مند ہیں۔ آپ کی دعاؤں کے لیے شکریہ۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ لالو پرساد یادو کڈنی سمیت کئی دیگر امراض میں بھی مبتلا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اکتوبر میں سنگاپور گئے لالو یادو کو ڈاکٹرس نے کڈنی ٹرانسپلانٹ کرانے کی صلاح دی تھی، جس کے بعد ان کی بیٹی روہنی نے اپنے والد کو اپنی کڈنی عطیہ کرنے کی بات کہی تھی۔ بیٹی روہنی آچاریہ نے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے کڈنی اور دیگر بیماریوں سے متاثر اپنے والد کی جان بچانے کے لیے اپنی ایک کڈنی عطیہ کریں گی۔

روہنی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں جذباتی انداز میں لکھا تھا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ یہ صرف ایک چھوٹا سا گوشت کا ٹکڑا ہے جو میں اپنے والد کو دینا چاہتی ہوں۔ میں پاپا کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں۔ آپ سبھی دعا کریں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے اور پاپا پھر سے آئیں اور پھر سے لوگوں کی آواز اٹھائیں۔ ایک بار پھر نیک خواہشات کے لیے آپ سبھی کا شکریہ۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس وقت لالو پرساد یادو کی فیملی کے بیشتر افراد سنگاپور میں موجود ہیں۔ تیجسوی یادو، سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، میسا بھارتی کے سنگاپور میں موجود ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ لالو یادو کے قریبی بھولا یادو اور تیجسوی کے سیاسی مشیر سنجے یادو بھی اس وقت سنگاپور میں ہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔