گجرات میں فٹپاتھ پر سو رہے 18 مزدوروں کو ڈمپر نے کچلا، 13 کی موت

سال 2014 کے عام انتخابات میں گجرات کو ایک ماڈل ریاست کے طور پر پیش کیا گیا تھا اور تشہیر کی گئی تھی کہ گجرات ماڈل کو پورے ہندوستان میں نافذ کیا جائے گا

حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات کے سورت شہر میں ایک بڑا حادثہ ہو ا ہے جس میں ۱۳ غریب مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔ آج تک پر شائع خبر کے مطابق سورت شہر کی کیم روڈ پر ایک ڈمپر نے سڑک کے کنارے فٹپاتھ پر سورہے 18 لوگوں کو کچل دیا جس میں 13 مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔

واضح رہے پولیس کا کہنا ہے کہ مرنےوالے تمام افراد مزدور ہیں اور وہ سب راجستھان کےرہنےوالےہیں ۔ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہےجہاں ان کاعلاج چل رہا ہے۔واضح رہے گجرات کو سب سے ترقی یافتہ صوبہ کہا جاتا ہے اور وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے نریندر مودی گجرات کے لگاتار تین مرتبہ وزیر اعلی رہےہیں ۔


سال 2014 کے عام انتخابات میں گجرات کوایک ماڈل ریاست کےطور پر پیش کیا گیا تھا اور تشہیر کی گئی تھی کہ گجرات ماڈل کو پورے ہندوستان میں نافذ کیا جائے گا لیکن گجرات ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ہی ہے جہاں امریکی صدر کی آمد سےپہلے کچھ علاقوں کو چھپانے کےلئےدیوار تعمیر کرنے کا بھی حکومت پر الزام لگتا رہا ہے اور گجرات کے شہر میں بڑی تعداد میں ٹیوشن حاصل کرنے والے بچوں کی جان جانےکا واقعہ سب کےذہنوں میں تازہ ہے۔آج کے حادثہ نےاس پر سے بھی پردہ ہٹا دیا ہے کہ گجرات کے سب سے ترقی یافتہ شہر میں مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور ہیں اور سڑکوں کے ان فٹپاتھوں پر ان کی جانیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سورت میں ٹرک حادثہ کے سبب جانوں کا ضیاع تکلیف دہ ہے۔ میری تعزیت متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ زخمی افراد جلد صحتیاب ہوں۔’’

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔