مہاراشٹر بحران: شیوسینا نے فلور ٹیسٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج، شام 5 بجے ہوگی سماعت

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

شیوسینا کے چیف وہپ سنیل پربھو نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ درخواست میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی طرف سے ادھو حکومت کو 30 جون کو مہاراشٹر سدن میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے دی گئی ہدایت کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے درخواست کی سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ شیوسینا کی عرضی پر آج شام 5 بجے سماعت ہوگی۔

سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے شیو سینا کی طرف سے پیش ہوکر سپریم کورٹ کے سامنے شیو سینا کے چیف وہپ سنیل پربھو کی عرضی کا ذکر کیا اور آج فوری سماعت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلور ٹیسٹ غیر قانونی ہے۔


شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے سپریم کورٹ میں عرضی دینے سے پہلے مہاراشٹر کے گورنر کے ذریعہ فلور ٹیسٹ طلب کرنے کے فیصلے پر کہا کہ یہ ایک غیر قانونی سرگرمی ہے کیونکہ ہمارے 16 ایم ایل ایز کی نااہلی کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ گورنر صرف اسی لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر کے گورنر نے سی ایم ادھو ٹھاکرے سے کل اپنی اکثریت ثابت کرنے کو کہا ہے۔

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ فڑنویس نے کل کہا تھا کہ ہم نے گورنر کو ایک خط پیش کیا ہے، جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حکومت سے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کو کہیں۔ دیویندر فڑنویس نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرنے سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔