حب الوطنی کے نعروں سے زیادہ بے روزگاری اورغریبی جیسے مسائل اہم: پانڈے

کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اویناش پانڈے کا کہنا ہے کہ کانگریس حب الوطنی میں بھی یقین رکھتی ہے اوردہشت گردانہ حملوں میں قربانی دینے والے بہادر فوجیوں کو سلام بھی کرتی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جے پور: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اویناش پانڈے نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کے حب الوطنی کے نعروں سے زیادہ اہم بے روزگاری، غریبی جیسے مسائل ہیں، جنہیں نظرانداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسٹر پانڈے نے یہاں یواین آئی سے ایک ملاقات میں بتایا کہ کانگریس حب الوطنی میں یقین رکھتی ہے اور دہشت گردانہ حملوں میں قربانی دینے والے بہادر فوجیوں کو مکمل احترام کے ساتھ سلام کرتی ہے،لیکن حب الوطنی جیسے حساس موضوع کو انتخابی مسئلہ نہیں بنانا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کا مسئلہ میڈیا میں زور شور سے اٹھایا جارہاہے جس کے پیچھے وزیراعظم نریندرمودی کا ہاتھ ہے۔

مسٹر پانڈے نے کہا کہ مسٹر مودی کو گزشتہ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کا حساب دینا چاہئے،لیکن اس بار دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے،غیر ملکی کالا دھن لانے جیسے مسئلوں پر انہوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی بے روزگاری اور کالے دھن جیسے مسئلے آج بھی جوں کے توں ہیں۔وزیراعظم نریندرمودی نے گزشتہ انتخابات میں ان مسئلوں پر لوگوں کی امید جگائی تھی،جس پر آج پانی پھر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جےپی کی حکومت میں کسانوں کی بدحال پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ،لیکن کانگریس غریب اور کسان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان سمیت تین ریاستوں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس نے کسانوں کا مسئلہ اٹھایا تھا لیکن اس بار بھی اس مسئلے پر مرکز کی بی جےپی حکومت کی اصلیت عوام کے سامنے لا کر رہے گی۔

بی جے پی کے تاناشاہی نظریے کے بارے میں مسٹر پانڈے نے کہا کہ یہ الیکشن جمہوریت کےلئے اہم ہے کیونکہ بی جےپی مسلسل جمہوری اداروں کو کمزور کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں یقین رکھنے والے لوگوں کو بی جےپی کی اس سوچ پر غور کرکے اسے ہرانا چاہئے۔مسٹر پانڈے نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں فوجیوں کی قربانیوں کو سیاسی موضوع بناکر اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی جارہی ہے۔جسے عوام کو سمجھنا ہوگا۔ بی جےپی کی حمایت میں بابارام دیو کے کھل کر آنے کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ بابارام دیو کسی بھی پارٹی کی حمایت کرسکتے ہیں،لیکن انہیں اس بات کا جواب دینا چاہئے کہ پچھلی بار غیر ملکوں سے کالا دھن وپس لانے کے جس مسئلے پر انہوں نے بی جےپی کا ساتھ دیاتھا اس کا کیاہوا۔مسٹر پانڈے نے کہاکہ کتنا کالادھن غیرملکوں سے واپس آیا ہے بابارام دیو اس کی معلومات عوام کو کیوں نہیں دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔