تلنگانہ کی کانگریس حکومت کا اہم فیصلہ، 2 سے زائد بچے والے بھی لڑ سکیں گے پنچایتی انتخابات، اسمبلی میں بل منظور
پنچایت راج کی وزیر انسویا سیتاکا نے کہا کہ ’’اب 2 سے زیادہ بچوں کی پرورش کرنے والے لوگ بھی پنچایت، منڈل اور ضلع پریشد کے انتخابات لڑنے کے لیے مکمل طور پر اہل ہوں گے۔‘‘

تلنگانہ اسمبلی میں ایک تاریخی فیصلہ لیا گیا، جس کا ریاست کی دیہی سیاست پر گہرا اثر پڑے گا۔ انسویا سیتاکا کی قیادت میں ریاستی حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے 2 بچوں والی پالیسی کو ختم کرنے کا بل منظور کرا لیا ہے۔ تلنگانہ میں اب 2 سے زائد بچے والے لوگوں کو بھی انتخاب لڑنے کا حق حاصل ہوگا۔ یہ فیصلہ اس لیے اہم ہے کیونکہ پہلے تلنگانہ پنچایت راج ایکٹ کے تحت کسی بھی شخص کے لیے پنچایت، منڈل یا ضلع پریشد کا انتخاب لڑنے کے لیے یہ لازمی تھا کہ اس کے 2 سے زائد بچے نہ ہوں۔
واضح رہے کہ انتخاب لڑنے سے متعلق مذکورہ اصول کے تحت ہزاروں اہل اور قابل رہنماؤں کو انتخابی میدان میں اترنے سے محروم رہنا پڑتا تھا۔ حالانکہ آئندہ پنچایت انتخاب کے پیش نظر حکومت پہلے ایک آرڈیننس لائی تھی، جسے اسمبلی میں باقاعدہ بل کی شکل دے کر قانونی طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر پنچایت راج کی وزیر انسویا سیتاکا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی آواز کو طاقت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس ترمیم کے بعد اب 2 سے زیادہ بچوں کی پرورش کرنے والے لوگ بھی پنچایت، منڈل اور ضلع پریشد کے انتخابات لڑنے کے لیے مکمل طور پر اہل ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت کا مقصد جمہوری نمائندگی کے دائرے کو وسیع کرنا ہے، تاکہ کوئی بھی معاشرہ یا طبقہ سیاسی عمل سے الگ تھلگ نہ رہ جائے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس فیصلے کو ریاست کی سیاست میں عوامی نمائندگی کو فروغ دینے والا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل یہ قانون کئی سماجی گروہوں کے لیے رکاوٹ بنا ہوا تھا، لیکن اب اس رکاوٹ کے ہٹ جانے کے بعد پنچایتی راج نظام میں نئے چہروں کو سامنے آنے کا موقع ملے گا۔ یہ بل اس وقت منظور ہوا ہے جب ریاست میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع ہونے والی ہیں، جس کی وجہ سے اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔