آئی اے ایس سنجیو کھروار ایم سی ڈی کے نئے کمشنر مقرر
نومقررہ کمشنرسنجیو کھروار کا نام 2022 کے تیاگراج اسٹیڈیم تنازعہ کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔ ان پر الزام لگا گیا تھا کہ اسٹیڈیم کو شام 7 بجے خالی کر وادیا جاتا تھا تاکہ وہ اپنے کتے کو ٹہلا سکیں۔

1994 بیچ کے آئی اے ایس افسر سنجیو کھروار کو دہلی میونسپل کارپوریشن کا نیا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ وہ اشونی کمار کی جگہ لیں گے جو 2022 میں تیاگراج اسٹیڈیم تنازعہ کی وجہ سے خبروں میں رہے تھے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کو نیا کمشنر مل گیا ہے۔ 1994 بیچ کے سینئر آئی اے ایس افسر سنجیو کھروار کو ایم سی ڈی کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقرری کو مرکزی حکومت کی وزارت داخلہ نے منظوری دی ہے۔ وزارت کی طرف سے جاری کردہ سرکاری حکم نامہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کو بھی بھیج دیا گیا ہے۔ سنجیو کھروار اروناچل پردیش- گوا- میزورم اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (اے جی ایم یوٹی) کیڈر کے افسر ہیں۔ انہوں نے اشونی کمار (1992 بیچ) کی جگہ لی ہےجنہیں دہلی سے جموں و کشمیر منتقل کر دیا گیا ہے۔
کھروار ایک ایسے وقت میں ایم سی ڈی کمشنر کا عہدہ سنبھال رہے ہیں جب میونسپل کارپوریشن اس ماہ کے آخر میں اپنا بجٹ پیش کرنے والی ہے اور اسے انتظامی اور مالی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ کمشنر کا عہدہ میونسپل کارپوریشن کے روزمرہ کے کام کاج، پالیسی کے نفاذ اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سنجیو کھروار کا نام 2022 کے تیاگراج اسٹیڈیم تنازعہ کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔ ان پر الزام لگا تھا کہ اسٹیڈیم کو شام 7 بجے خالی کر وادیا جاتا تھا تاکہ وہ اپنے کتے کو ٹہلا سکیں۔ واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد مرکزی حکومت نے انہیں دہلی سے لداخ منتقل کر دیا تھا جبکہ ان کی اہلیہ کا تبادلہ اروناچل پردیش کر دیا گیا تھا۔ حالانکہ کھروار نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ اب تقریباً 4 سال کے بعد ان کی دہلی کے ایک سب سے اہم عہدے پر واپسی ہوئی ہے۔
اپنے کیریئر کے لحاظ سے کھروار دہلی میں ریونیو کمشنر، محکمہ ماحولیات کے سکریٹری، تجارت اور ٹیکس کمشنر جیسے اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے بی ٹیک (کمپیوٹر انجینئرنگ) اور معاشیات میں ماسٹرس کیا ہے۔ انہوں نے اپنے انتظامی کیریئر کا آغاز چندی گڑھ میں بطور ایس ڈی ایم کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔