دہلی میئر انتخاب: عآپ لیڈر کی عرضی پر سپریم کورٹ نے ایل جی، پروٹیم پریزائیڈنگ افیسر اور ایم سی ڈی کمشنر کو جاری کیا نوٹس

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں نے میئر الیکشن کو روکنے کے تعلق میں الزام برائے الزام عائد کئے ہیں۔ تنازعہ کی اصل ایلڈرمین کی تقرری اور ایوان میں ان کا رائے دہی کا حق ہے

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کی میئر عہدے کی امیدوار شیلی اوبرائے کی طرف سے دائر عرضی پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور ایم سی ڈی کے پروٹیم پریذائیڈنگ آفیسر اور ایم سی ڈی کمشنر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اوبرائے نے میئر کے لیے فوری انتخاب کا مطالبہ کیا ہے۔ عرضی گزار کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ اے ایم سنگھوی نے کہا کہ میئر کا انتخاب گزشتہ سال دسمبر میں ہونا تھا لیکن ابھی تک نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے مزید اصرار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 243 آر میں کہا گیا ہے کہ نامزد ارکان کو ووٹ دینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت عظمیٰ نے سنگھوی کے اس عرضی کا بھی نوٹس لیا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعہ 76 کے مطابق میئر یا اس کی غیر موجودگی میں ڈپٹی میئر کو کارپوریشن کی میٹنگ کی صدارت کرنی ہوتی ہے اور اس میں 3 عہدوں (میئر، ڈپٹی میئر۔ اور قائمہ کمیٹی کے ارکان) کے لیے بیک وقت انتخابات کا انعقاد خلاف قانون ہے۔ عدالت نے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے جواب کے لئے پیر تک کی مہلت دی ہے۔


عرضی میں ایم سی ڈی ہاؤس کا ایک ہفتہ کے اندر اجلاس طلب کرنے اور میئر کے انتخاب کے مکمل ہونے تک کارروائی ملتوی نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نیز، یہ کہ نامزد اراکین میئر کے انتخاب میں ووٹ دینے کے حقدار نہیں ہیں۔

ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی آتشی نے کہا تھا ’’عام آدمی پارٹی آج سپریم کورٹ جا رہی ہے۔ ہم سپریم کورٹ سے اپیل کریں گے کہ ایم سی ڈی انتخابات ایک ہفتہ سے دس دن کے اندر ان کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ ستیہ شرما نے منمانی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’ہم بی جے پی کے ایلڈرمین یا نامزد کونسلروں کو ووٹنگ کا حق دینے کے فیصلے کو بھی چیلنج کریں گے۔ عآپ کے پاس 250 منتخب اراکین میں سے 134 کی اکثریت ہے۔‘‘

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں نے میئر کے انتخاب کو روکنے کے حوالے سے الزامات اور جوابی الزامات لگائے ہیں۔ تنازعہ کی بنیاد ایلڈرمین کی تقرری اور ایوان میں ان کے ووٹنگ کے حقوق ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی نامزد ارکان کو ووٹنگ کا حق دے کر اس کا مینڈیٹ چرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔