عوام کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی : منوج سنہا

منوج سنہا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار مستعدی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔، حالیہ ایام کے دوران ملی ٹینٹوں نے خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی نشانہ بنایا اور ان واقعات کی سبھی کو مذمت کرنی چاہئے۔

منوج سنہا، تصویر یو این آئی
منوج سنہا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ روز کہا کہ میں کشمیری عوام کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کشمیر کے پُرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ایل جی نے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ تقریب میں تقریر کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹ اب خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخش رہے ہیں۔

ایل جی نے کہا کہ لوگ اس طرح کے واقعات کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ موصوف ایل جی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار مستعدی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ ایام کے دوران ملی ٹینٹوں نے خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی نشانہ بنایا اور ان واقعات کی سبھی کو مذمت کرنی چاہئے۔


ایل جی نے کہا کہ امن و چین تب ہی قائم ہو سکتا ہے جب ان واقعات کے خلاف سب اٹھ کھڑے ہوں۔ منوج سنہا نے کہا کہ میں کشمیر کے عوام کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی بے نگاہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ”میں جانتا ہوں کہ جب دیا بجھتا ہے تو بجھتے وقت اُس کی لو تیز ہو جاتی ہے “

ایل جی منوج سنہا نے کہا دہشت گردوں کی منشا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار عام شہریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں، لیکن میں لوگوں کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ انتظامیہ کسی بھی بے گناہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہا کہ عام شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں اور اُن کے مدد گاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اُنہیں کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */