میں کوئی ٹرمپ نہیں ہوں، اپنے لوگوں کو تڑپتے نہیں دیکھ سکتا: ادھو ٹھاکرے

ریاست میں وبائی مرض کورونا اور لاک ڈاؤن کے ضمن میں اپنے لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کورونا بحران ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ جنگ کب ختم ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: میں کوئی ٹرمپ نہیں ہوں، اپنے لوگوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے تڑپتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، اس طرح کا اظہار خیال مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ ان کی ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور شیو سینا کے ترجمان اخبار سامنا کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سنجے راؤت کو دیئے گئے انٹرویو میں جو آئندہ 25 اور 26 جولائی کو دو حصوں میں شائع اور نشر کیا جائے گا، انھوں نے کورونا وائرس کے تناظر میں، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر اس طرح کا بالوسطہ طنز کیا۔

راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار کے انٹرویو کے بعد اب سنجے راؤت نے ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کا انٹرویو لیا ہے، جس میں انھوں نے وزیر اعلیٰ سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔ جلد ہی نشر کیے جانے والے اس انٹرویو کے بارے میں سنجے راوت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی ہے۔ جس میں ایک ویڈیو کلپ میں ادھو ٹھاکرے یہ بات کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


اس انٹرویو میں ریاست کی کورونا صورتحال اور ٹھاکرے حکومت کے چھ ماہ کے دورانیے کے بارے میں بہت سارے سوالات پوچھے گئے ہیں۔ اس کی جھلک اس پرموشنل ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہے۔ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ریاست میں کورونا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے حزبِ اختلاف کی تنقید کا بھی جواب دیا۔ پچھلے چھ مہینوں میں مختلف چیلنجز سامنے آئے تھے۔

ریاست میں وبائی مرض کورونا اور لاک ڈاؤن کے ضمن میں اپنے لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کورونا بحران ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ جنگ کب ختم ہوگی۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن ہے، ایک ایک چیز ہم حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میں ٹرمپ نہیں ہوں، میں اپنے لوگوں کو اپنی نظروں کے سامنے تڑپتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔


واضح رہے کہ اس سے کچھ دن قبل، سنجے راوت نے این سی پی کے صدر شرد پوار کا انٹرویو لیا تھا۔ اس انٹرویو میں شرد پوار نے ملک اور ریاست کی سیاسی پیش رفتوں اور صورتحال پر کھلے دل سے تبصرے کیے ھیں۔ لہذا اب 25 اور 26 جولائی کو دو حصوں میں شائع ہونے والے ادھو ٹھاکرے کے اس انٹرویو پر سبھی کی نگاہیں لگی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */