منی پور میں قیام امن کے لیے جنتر منتر پر سینکڑوں افراد کا احتجاج

جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے گروپوں نے ریاست کے کچھ حصوں میں سینکڑوں چرچوں کو جلائے جانے پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے جنتر منتر پر ہفتہ کو 40 تنظیموں کے ایک گروپ نے پرامن احتجاج کیا اور تشدد سے متاثرہ منی پور میں امن کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ اس دوران لوگوں نے ذات پات کے تشدد پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے گروپوں نے ریاست کے کچھ حصوں میں سینکڑوں چرچوں کو جلائے جانے پر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

ایک مشترکہ بیان میں گروپوں نے کہا کہ ہماری ریاست میں نظم و نسق پوری طرح درہم برہم ہو چکا ہے اور ہر طرف مسلح ہجوم کا راج نظر آتا ہے۔ کئی دہائیوں میں منی پور کے لوگوں کی تخلیق اور ترقی کی دولت چند ہی گھنٹوں میں راکھ ہو گئی۔ تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ مقامی حکام صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں اور متاثرین کے اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاستی حکومت منی پور کے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے اپنے فرض میں بری طرح ناکام رہی ہے۔


فی الحال، خواتین اور بچوں سمیت 1000 سے زیادہ افراد آسام اور میزورم کے پڑوسی علاقوں میں ریلیف کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اس بات پر زور دینا ضروری ہے کہ امدادی کیمپوں میں پناہ لینے والے لوگوں کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے۔ ان کے پاس خوراک، کپڑے اور صاف پانی جیسی ضروریات کی کمی ہے۔

مظاہرین نے وزارت داخلہ کی جانب سے جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے لیے تین رکنی عدالتی کمیشن کی تقرری کے اقدام کی تعریف کی، تاہم، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحالی پیکج مناسب طور پر ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام ہے۔ مظاہرہ کرنے والے ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ اسکولوں سے بچوں کی نقل مکانی نے بھی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔


واضح رہے کہ منی پور میں 3 مئی کو تشدد شروع ہونے کے بعد سے اب تک تقریباً 120 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 50650 مرد، خواتین اور بچے اپنے مقامات چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔