آسام میں سیلاب کی صورت حال ہنوز سنگین، 19 اضلاع متاثر

ریاستی حکومت کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق، ضلعی انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ضروری خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: آسام میں سیلاب کی صورت حال ہفتہ کے روز بھی سنگین رہی۔ کم از کم 19 اضلاع اب بھی متاثر ہیں۔ آسام ریاستی آفات انتظام اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، 1538 گاؤں اور دو شہری علاقوں میں کل 488525 افراد متاثر ہیں۔

نلباڑی ضلع میں جمعہ کو سیلاب کے سبب ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ نکھلیش ملا بوجور بروا اپنے گھر کے پاس غلطی سے سیلاب کے پانی میں گر جانے کے بعد لاپتہ بتائے گئے تھے۔ ریاستی آفات ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) نے بعد میں اس کی لاش برآمد کی۔ اس سال کے پہلے سیلاب میں یہ دوسری موت تھی۔ پہلی موت جمعرات کو تامول پور ضلع میں ہوئی۔


ریاستی حکومت کے افسران نے کہا کہ متاثرہ کنبوں کو امدادی منصوبہ کے تحت معاوضہ حاصل ہوگا۔ اے ایس ڈی ایم اے کے مطابق 19 سیلاب متاثرہ اضلع بجلی، چیرانگ، درانگ، بکسا، بارپیٹا، بسوناتھ، بونگائی گاؤں، دھیماجی، دھوبری، ڈبروگڑھ، گولاپارا، گولاگھاٹ، کام روپ، کوکراجھار، لکھیم پور، ناگاؤں، نلباڑی، تامول پور، اودل گری ہیں۔

بجلی ضلع میں سیلاب سے سب سے زیادہ 267253 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بارپیٹا 7323 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ کم از کم 35142 سیلاب سے متاثرہ لوگوں نے 14 اضلاع میں ریاستی انتظامیہ کے زیر انتظام 225 ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے۔ بجلی میں سب سے زیادہ کیمپ کھولے گئے جہاں 73 ریلیف کیمپوں میں 15,841 لوگوں نے پناہ لی ہے۔


ریاستی حکومت کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق، ضلعی انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ضروری خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کر رہے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ تمام اضلاع میں ایس ڈی آر ایف اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

دریں اثنا، کسانوں کے مطابق 10782 ہیکٹر سے زائد فصلی اراضی سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہے، جس سے زرعی پیداوار کی بڑی مقدار کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انسانوں کے علاوہ 4 لاکھ 27 ہزار 474 جانور بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اے ایس ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق، 200 سے زائد گھریلو اور جنگلی جانور بہہ گئے ہیں۔


کئی اضلاع سے پلوں، اسکولوں اور مکانات جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کے کٹاؤ اور نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ تین اضلاع میں کم از کم 14 دریا کے بندوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 14 اضلاع کے 213 علاقوں میں دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 'موسلا دھار بارش' کی پیش گوئی کی ہے اور اتوار تک 'یلو الرٹ' جاری کیا ہے۔ برہم پترا، مانس، پوتھیماری اور پگلادیہ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے کوکراجھار اور درنگ اضلاع میں شہری سیلاب کی اطلاع ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔