شمال مشرقی ریاستوں میں تباہی کا خوفناک منظر، 1500 گاؤں زیر آب، سیلاب اور لینڈ سلائڈ میں اب تک 50 جانیں تلف
آسام میں سیلاب کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ یہاں 21 ضلعوں میں متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 6.8 لاکھ پو چکی ہے۔ برہمپتر سمیت 9 ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔

ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں سیلاب اور لینڈ سلائڈ کے واقعات سے زبردست تباہی مچی ہے۔ آسام سے لے کر منی پور تک بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے۔ فصل کی زمین تک برباد ہو گئی ہے اور لوگوں کے پاس رہنے کے لیے گھر تک نہیں ہے۔ 1500 سے زیادہ گاؤں زیر آب ہو چکے ہیں۔
آسام میں مزید دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جس کے بعد سکم سمیت 7 شمال مشرقی ریاستوں میں سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے۔ 29 مئی سے اب تک اکیلے آسام میں 19 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کے افسروں کے ذریعہ دستیاب کرائے گئے اعداد و شمار کے مطابق 29 مئی سے اب تک اروناچل پردیش میں 12، میگھالیہ میں6، میزورم میں 5، سکم میں 4، تریپورہ میں 2 اور ناگالینڈ اور منی پور میں 1-1 جان سیلاب اور لینڈ سلائڈ کی وجہ سے گئی ہے۔
آسام میں سیلاب کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ یہاں 21 ضلعوں میں متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 6.8 لاکھ پو چکی ہے۔ برہمپتر سمیت 9 ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں گاؤں زیر آب ہو گئے ہیں۔ گوہاٹی واقع علاقائی موسم سائنس مرکز نے ریاست میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
منی پور میں شدید بارش سے ندیوں کے پشتے منہدم ہو گئے جس سے 20 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 3365 سے زیادہ گھروں کو نقصان ہوا ہے اور 103 بسیاں زیر آب ہیں۔ ریاستی انتظامیہ نے 31 راحت کیمپ بنائے ہیں جس میں زیادہ تر مشرقی امپھال میں ہیں۔
ارونا پردیش کے 23 ضلعوں اور 156 گاؤں میں سیلاب اور لینڈ سلائڈ کا قہر برپا ہے۔ یہاں اب تک 10 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ کئ مقامات پر زمین دھنسنے سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔
ناگالینڈ میں بھی مسلسل بارش سے کئی مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آنے کی خبر ہے۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ کئی علاقوں میں گھروں اور سڑکوں کو نقصان ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق 5 اور 6 جون کو گجرات کے بناس کانٹھہ، پاٹن، مہسانہ، سابر کانٹھہ، اراولی، گاندھی نگر، احمد آباد، مہی ساگر، پنچ محل، داہود، بڑودرہ، چھوٹا اُدئے پور، نرمدا، بھروچھ، سورت، تاپی، ڈانگ، نوساری، بلساڈ ضلعوں میں زیادہ تر مقامات پر گرج اور بجلی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہونے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔