بلائنڈ کرکٹ عالمی کپ: پاکستانی ٹیم کو ہندوستانی ویزا ملنے کا راستہ ہموار، 5 سے 20 دسمبر تک چلے گا مقابلہ

پہلے ہندوستان نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ہندوستان آنے کا ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا، اس سلسلے میں بلائنڈ کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا نے کہا تھا کہ پاکستان کا ویزا خارج ہو گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں منعقد ہونے جا رہے بلائنڈ کرکٹ ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں پاکستانی کھلاڑیوں کو آخر کار ہندوستان آنے کے لیے ویزے سے متعلق اجازت مل گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ہندوستان میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے 34 کھلاڑیوں اور افسران کو ویزا جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اب وزارت خارجہ پاکستانی ٹیم کو ویزا جاری کر سکے گا۔

دراصل اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ہندوستان آمد کا ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس سلسلے میں بلائنڈ کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا نے کہا تھا کہ پاکستان کا ویزا خارج ہو گیا ہے، وہ عالمی کپ میں حصہ لینے نہیں آ رہے ہیں۔ اس خبر کے بعد پاکستان نے کئی طرح کے سوال کھڑے کر دیئے تھے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کہا تھا کہ کھیل کو سیاست سے اوپر ہونا چاہیے اور خاص طور پر معذور اشخاص کے میگا کھیل ایونٹ میں بہتر سلوک کیا جانا چاہیے۔


وزارت داخلہ کے افسران نے بتایا کہ پاکستان کے 34 رکنی ٹیم کو ویزا جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ویزا جاری رکنے کا کام وزارت داخلہ کا نہیں ہے۔ اب متعلقہ محکمہ ویزا جاری کر سکے گا۔ وہیں بلائنڈ کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ جی کے مہنتیش نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’یہ اچھی خبر ہے اور امید ہے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم جلد ہی ہمارے ساتھ جڑے گی۔‘‘ انھوں نے اس کے لیے حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کی دیر شب پاکستانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستانی وزارت داخلہ نے ویزا کی اجازت دے دی ہے، لیکن وزارت خارجہ نے سیاسی اسباب کی بنا پر ویزا اب تک جاری نہیں کیا ہے۔ بہرحال، بلائنڈ کرکٹ عالمی کپ کا انعقاد 5 دسمبر سے 17 دسمبر تک ہندوستان میں ہو رہا ہے۔ یعنی ٹورنامنٹ کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اس بلائنڈ کرکٹ عالمی کپ کا بہترین آغاز کرتے ہوئے اپنا پہلا میچ نیپال سے 274 رنوں سے جیت لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔