آر بی آئی نے پھر دیا جھٹکا، تمام کار-ہوم اور پرسنل لون مہنگے، ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد کا اضافہ

آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آر بی آئی کے مطابق اب ریپو ریٹ بڑھ کر 6.25 فیصد ہو جائے گا اور ہوم لون سمیت ہر قسم کے قرضے مہنگے ہو جائیں گے

آر بی آئی، ریزرو بینک آف انڈیا / تصویر آئی اے این ایس
آر بی آئی، ریزرو بینک آف انڈیا / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اس سال لگاتار پانچویں بار ریپو ریٹ میں اضافہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد یعنی 35 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اب ریپو ریٹ 5.90 فیصد سے بڑھ کر 6.25 فیصد ہو جائے گا۔ اس فیصلے سے اب ہوم لون سمیت ہر قسم کے قرضے مہنگے ہو جائیں گے۔ ایم پی سی کی میٹنگ کے بعد آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے بدھ کو پالیسی ریٹ میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا۔

اس سال مرکزی بینک نے شرح سود میں مجموعی طور پر 2.25 فیصد اضافہ کیا ہے۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا ’’ہمارا ہدف ملک میں مہنگائی کی شرح کو 6 فیصد کے مقررہ ہدف سے نیچے لانا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے مالی سال 2023 کے لیے سی پی آئی افراط زر کی پیشن گوئی کو 6.7 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئندہ 12 ماہ میں افراط زر کی شرح 4 فیصد سے اوپر رہنے کی توقع کی گئی ہے۔


خیال رہے کہ اکتوبر میں ملک میں خوردہ مہنگائی کم ہو کر 6.77 فیصد پر آ گئی ہے۔ ممبئی میں ایم پی سی کی 6 رکنی میٹنگ کے بعد ریپو ریٹ میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے، آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ اسٹینڈنگ ڈپازٹ فیسیلٹی (ایس ڈی ایف ریٹ) کو 6 فیصد اور مارجنل اسٹینڈنگ فیسیلٹی (ایم ایس ایف ریٹ) اور بینک ریٹ کو 6.5 فیصد تک ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے مالی سال 2022-23 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 6.8 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔ اس سے قبل مرکزی بینک نے 7 فیصد کا تخمینہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان کی ترقی کی شرح متوازن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر دیہی علاقوں میں طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے معیشت کو سہارا مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔