کھوکھلے نعرے دینے والے عصمت دری کے مجرموں کو بچا رہے ہیں، بلقیس بانو کو انصاف دو: راہل-پرینکا

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’بیٹی بچاؤ‘ جیسے کھوکھلے نعرے دینے والے، عصمت دری کرنے والوں کو بچا رہے ہیں۔ آج سوال ملک کی خواتین کی عزت اور حق کا ہے۔ بلقیس بانو کو انصاف دو!‘‘

بلقیس بانو / Getty Images
بلقیس بانو / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے گجرات میں عصمت دری قتلِ عام کے 11 مجرموں کو رہا کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور بلقیس بانو کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’بیٹی بچاؤ‘ جیسے کھوکھلے نعرے دینے والے، عصمت دری کرنے والوں کو بچا رہے ہیں۔ آج سوال ملک کی خواتین کی عزت اور حق کا ہے۔ بلقیس بانو کو انصاف دو!‘‘

وہیں، پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’عصمت دری کی سزا پا چکے 11 لوگوں کی رہائی، کیمرے پر ان کے استقبال-حمایت میں بیان بازی پر خاموشی اختیار کر کے حکومت نے اپنی لائن کھینچ دی ہے۔ لیکن ملک کی خواتین کو آئین سے امیدیں ہیں۔ آخری صف میں کھڑی عورت کو انصاف کی جنگ لڑنے کا حوصلہ بھی آئین دیتا ہے۔ بلقیس بانو کو انصاف دو!‘‘


دریں اثنا، بلقیس بانو معاملہ کے مجرموں کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ میں سماعت کی گئی۔ چار خواتین کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مجرموں کی سزا معاف کئے جانے کے حوالہ سے اختیار کئے گئے طریقہ کار پر وضاحت طلب کی ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت دو ہفتے کے بعد کی جائے گی۔

سی پی ایم لیڈر و سماجی کارکن سبھاشنی علی، انسانی حقوق کی کارکن روپ ریکھا اور صحافی و مصنفہ ریوتی لال اور ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کر کے قصورواروں کی سزا معاف کرنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔