مدھیہ پردیش: ہندو مہاسبھا نے گاندھی کے قاتل گوڈسے کے نام پر کھولا اسٹڈی سنٹر

ہندو مہاسبھا سے منسلک ڈاکٹر جے ویر نے بتایا کہ ’’نوجوان نسل کو یہ جاننا چاہیے کہ ملک کو بچانے کے لیے گوڈسے کے ساتھ ساتھ سبھی محبان وطن نے کس طرح کی قربانیاں دیں۔‘‘

ناتھو رام گوڈسے، تصویر آئی اے این ایس
ناتھو رام گوڈسے، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہندوتوا ذہنیت کو فروغ دینے اور حب الوطنی کے نام پر تشدد کو حوصلہ بخشنے کی کوششیں ہندو مہاسبھا اور ان جیسی تنظیموں کے ذریعہ لگاتار جاری ہیں۔ اس سمت میں ہندو مہاسبھا نے مزید ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے نام پر ایک اسٹڈی سنٹر مدھیہ پردیش کے گوالیر میں قائم کیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس میں حب الوطنی کے قصے سنا کر لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مہاتما گاندھی کے قاتل کو اس طرح سے حب الوطن ثابت کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جو انتہائی حیرت انگیز ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ہندو مہاسبھا کی زبان میں یہ اسٹڈی سنٹر یا ’گیان شالہ‘ ہے جو کہ گوالیر میں کھولا گیا ہے اور اس میں ہندو مہاسبھا ناتھو رام گوڈسے کی حب الوطنی کے قصے لوگوں کو بتائے گی۔ ہندو مہاسبھا نے گوالیر کے دولت گنج واقع ہندومہاسبھا دفتر میں گوڈسے ورکشاپ شروع کی ہے اور پہلے دن اس ہندوتوا تنظیم کے اعلیٰ افسران نے گوڈسے سمیت ویر ساورکر، رانی لکشمی بھائی اور آر ایس ایس سے جڑے دیگر سرکردہ عہدیداروں کی تصویر کے سامنے کھڑے ہو کر پوجا کی اور ان پر عقیدت کے پھول چڑھائے۔


قابل ذکر ہے کہ ہندو مہاسبھا گوالیر دفتر میں ہر سال گوڈسے کی موت کے دن کو ’بلیدان دیوس‘ (یوم شہادت) کے طور پر مناتی ہے اور گوڈسے کا یوم پیدائش بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ مناتی ہے۔ گوڈسے اسٹڈی سنٹر کے تعلق سے ہندو مہاسبھا سے منسلک ڈاکٹر جے ویر نے بتایا کہ نوجوان نسل کو یہ جاننا چاہیے کہ ملک کو بچانے کے لیے گوڈسے کے ساتھ ساتھ سبھی محبان وطن نے کس طرح کی قربانیاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس گیان شالہ (اسٹڈی سنٹر) میں ہندو مہاسبھا گوڈسے کی زندگی سے جڑے اہم واقعات لوگوں کے سامنے رکھے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔