ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب: پرینکا گاندھی سولن سے پھونکیں گی انتخابی بگل، کانگریس کے ذریعہ اعلانات کی بارش

پرینکا گاندھی دوپہر تقریباً 12 بجے سولن میں ماں شولنی مندر پہنچیں گی اور پوجا کے بعد ٹھوڈو میدان میں پارٹی کی ’پریورتن پرتگیا ریلی‘ سے خطاب کریں گی۔

پرینکا گاندھی، تصویر سوشل میڈیا
پرینکا گاندھی، تصویر سوشل میڈیا
user

آصف سلیمان

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سولن میں ’پریورتن پرتگیا ریلی‘ سے خطاب کریں گی۔ اس ریلی کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی ہماچل میں کانگریس کی انتخابی مہم کی شروعات بھی کر دیں گی۔ پرینکا کی ریلی سے پہلے کانگریس نے ریاست کے لیے کئی اعلانات کیے ہیں۔ اپنی ریلی میں خود پرینکا گاندھی بھی ان اعلانات سے متعلق عزائم کا اظہار کریں گی۔

کانگریس کے ذریعہ جاری بیان کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری 14 اکتوبر کو ریاست میں پارٹی کی انتخابی تشہیری مہم کا آغاز کرنے پہنچیں گی۔ وہ تقریباً 12 بجے ماں شولنی مندر کا دَرشن کریں گی اور اس کے بعد ٹھوڈو میدان میں پارٹی کی ’پریورتن پرتگیا ریلی‘ کو خطاب کریں گی۔ ریاست میں اسی سال کے آخر میں اسمبلی انتخاب ہونے ہیں۔


پرینکا گاندھی کی ریلی سے پہلے جمعرات کو ہماچل کانگریس نے ریاست کے لیے وعدوں کی جھڑی لگا دی، جس کا اعلان کل خود پرینکا گاندھی بھی اپنی ریلی کے دوران کریں گی۔ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں حکومت تشکیل ہوئی تو 1.48 لاکھ سرکاری ملازمین کو ان کا حق ملے گا اور 10 دن کے اندر پرانی پنشن اسکیم کی بحالی ہوگی۔ ساتھ ہی 1.48 لاکھ سرکاری ملازمین کو گارنٹی بھی ملے گی۔ کانگریس حکومت میں جی پی ایف کی سہولت اور بڑھی ہوئی تنخواہ و بھتہ کا بھی فائدہ ملے گا۔

کانگریس نے معیاری تعلیم کا وعدہ بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں اعلان کیا گیا ہے کہ کانگریس حکومت میں 272 انگریزی میڈیم اسکول کھولے جائیں گے۔ اس کے تحت کانگریس حکومت ہر اسمبلی میں 4-4 انگریزی میڈیم اسکول کھولے گی۔ پرینکا گاندھی کل ’ہر گھر لکشمی یوجنا‘ کا اعلان کریں گی، جس کے تحت ریاست کی 20 لاکھ خواتین کو ہر ماہ 1500 روپے کی یقینی آمدنی ملے گی۔


نوجوانوں کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ کانگریس نوجوانوں کو ’سیلف امپلائمنٹ‘ کی گارنٹی دے گی۔ اس کے لیے کانگریس حکومت نوجوانوں کو 680 کروڑ روپے کا اسٹارٹ اَپ فنڈ دے گی، جس کے تحت ہر اسمبلی کو 10 کروڑ کا اسٹارٹ اَپ فنڈ ملے گا۔ کانگریس حکومت صفر شرح سود پر قرض دے کر 5 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔

ساتھ ہی کانگریس نے کہا کہ کانگریس حکومت سبھی گھریلو صارفین کو 300 یونٹ بجلی مفت دے گی۔ علاوہ ازیں پرینکا گاندھی ایم ایس پی کے حقوق کی گارنٹی دیں گی، جس کے تحت باغبانوں کو پھلوں کی قیمت طے کرنے کا حق ملے گا۔ اس کے علاوہ کانگریس نے اعلان کیا کہ پرینکا گاندھی کل بہتر صحت نظام کی گارنٹی دیں گی، جس کے تحت کانگریس حکومت میں گاؤں-گاؤں میں موبائل کلنک کی سہولت ملے گی۔ ہماچل کے 20690 گاؤں میں اسپتال والی گاڑی پہنچے گی۔ بی جے پی حکومت کے 10 وزراء پر بدعنوانی کے الزامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ پرینکا گاندھی ایسے بدعنوانوں کو للکارنے آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔