کرناٹک میں حجاب پر تنازعہ جاری، منگلورو یونیورسٹی کی متعدد طالبات کو واپس بھیجا گیا

دو روز قبل کرناٹک کی ایک یونیورسٹی میں ایسے ہی حالات پیدا ہو گئے تھے جب کچھ طلبا نے مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر اعتراض کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔

حجاب تنازعہ/ آئی اے این ایس
حجاب تنازعہ/ آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع کے ایک کالج کے عہدیداران نے ہفتہ کے روز حجاب پہن کر آنے والی متعدد طالبات کو گھر واپس بھیج دیا۔ یہ واقعہ منگلورو یونیورسٹی کے ایک کالج میں پیش آیا۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق یہ فیصلہ کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش کے اس بیان کے بعد لیا گیا کہ کمرہ جماعت میں صرف اور صرف ان طلبا کو ہی داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جو وردی پہن کر آئیں گے۔

اطلاعات کے مطابق یہاں بیشتر مسلم طلبات بغیر حجاب ہی کالج پہنچ کر کلاسز کے لئے گئیں لیکن 12 طلبات ایسی تھیں جو حجاب پہن کر کالج پہنچیں۔ ان طالبات نے حجاب پہن کر ہی کلاسز میں جانے کا اصرار کیا، لیکن کالج کے پرنسپل نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ اتنا ہی نہیں ان طالبات کو کتب خانہ میں جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ آخر کار یہ طالبات بغیر کلاس لئے ہی گھر واپس لوٹ آئیں۔


خیال رہے کہ کرناٹک میں حجاب کا تنازعہ ایک مرتبہ پھر زور پکڑ رہا ہے۔ کالج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے طالبات کو کہا کہ وہ واش روم یا کسی خالی مقام پر پہلے حجاب اتاریں، اس کے بعد کلاسز یا لائبریری میں جائیں۔ تاہم کالج کے احاطہ میں حجاب پہننے کی اجازت ہے۔

دو روز قبل کرناٹک کی ایک یونیورسٹی میں ایسے ہی حالات پیدا ہو گئے تھے جب کچھ طلبا نے مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر اعتراض کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد بھی 44 مسلم طالبات حجاب پہن کر کلاسوں میں آ رہی ہیں۔ ہنگامہ بڑھا تو یونیورسٹی نے حکم جاری کیا کہ طالبات کو حجاب اتارنا ہی ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔