دہلی-این سی آر میں جھما جھم بارش، اگلے 24 گھنٹوں میں مانسون کی آمد کا اشارہ

دہلی این سی آر میں بارش کے بعد بھی مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اگلے 24 گھنٹوں کے اندر مانسون کے دستک دینے کی امید ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مانسون کے پہنچنے سے قبل بدھ کے روز دہلی اور این سی آر (قومی راجدھانی خطہ) میں جھما جھم بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہاں پورے دن مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ دہلی میں اگلے 24 گھنٹوں میں مانسون کے دستک دینے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 27 جون تک دہلی میں ہر روز ہلکی بارش کی بھی پیشن گوئی کی ہے۔

آئی ایم ڈی (محکمہ موسمیات) کے مطابق جمعرات تک دہلی میں مانسون کے پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد یہاں ہفتہ بھر تک ہلکی اور درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔‘‘ محکمہ موسمیات نے کہا، ’’صورت حال مانسون کی پیش قدمی کے لئے سازگار ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اتر پردیش کے علاقوں، مشرقی ہمالیائی خطہ، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب کے بیشتر علاقوں اور راجستھان کے کچھ حصوں میں مانسون کی آمد کا امکان ہے۔‘‘


محکمہ موسمیات کے مطابق عموماً دہلی میں مانسون 27 جون کو پہنچتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قبل از وقت مانسون کی آمد کے لئے ان تیز ہواؤں کو ذمہ دار ٹھہریایا جا سکتا ہے جو جنوب مشرقی اتر پریش کے اوپر 19-20 کو چلیں اور مانسون کی پیش قدمی کے لئے معاون بنیں۔

واضح رہے کہ منگل کے روز این سی آر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا تھا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دو ڈگری کم یعنی کہ 37 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ دہلی میں نمی کی سطح 63 سے 86 فیصد کے درمیان رہی۔ اگلے تین دن تک دہلی میں بارشوں کا امکان ہے اور درجہ حرارت 36 ڈگری کے آس پاس بنا رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔