دہلی سمیت این سی آر میں تیز بارش، کئی علاقوں میں آبی جماؤ، سڑک سے لے کر ایئر پورٹ تک بڑھی پریشانی
دہلی، غازی آباد، فرید آباد، گریٹر نوئیڈا سمیت کئی علاقوں میں آج بھی تیز بارش ہوئی ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ تیز بارش کا اثر ہوائی خدمات پر بھی پڑا ہے۔

دہلی میں بارش کا دور جاری/ویڈیو گریب
ملک کے کئی حصوں میں مانسون کی بارش کا قہر جاری ہے۔ قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں بھی جھماجھم بارش کا دور جاری ہے۔ دہلی، غازی آباد، فرید آباد، گریٹر نوئیڈا سمیت کئی علاقوں میں آج بھی تیز بارش ہوئی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔ دہلی میں منگل کو تیز بارش کے درمیان ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔
آئی ٹی او، دھولا کنواں، نارائنا، پٹیل نگر، وجے چوک، جنگ پورہ، آر کے پورم، لاجپت نگر، تال کٹورہ روڈ، رفیع مارگ اور روہنی جیسے علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ شدید بارش سے پنچ کوئیاں روڈ، موتی باغ، آئی ٹی او، مکھرجی نگر اور پُل پرہلاد پور سمیت کئی جگہوں پر آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت زبردست طور پر متاثر ہوئی ہے۔ دہلی میں صبح ساڑھے آٹھ بجے تک گزشتہ 24 گھنٹے کی مدت میں 8 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آئندہ کچھ دنوں تک راجدھانی دہلی میں شدید بارش ہونے، بجلی چمکنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دہلی کے مشرقی حصوں کے لیے ’ریڈ الرٹ‘ جبکہ باقی علاقوں کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے مطابق 3 اگست تک شدید بارش کا دور جاری رہنے کے آثار ہیں۔
دہلی میں موسم میں آئی تبدیلی اور تیز بارش کا اثر کئی اڑان خدمات پر بھی پڑا ہے۔ موسم کو دیکھتے ہوئے انڈیگو، اسپائس جیٹ اور ایئر انڈیا جیسی بڑی ایئر لائنس نے مسافروں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔
دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت 0.5 ڈگری سے کم ہے۔ وہیں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق صبح 9 بجے تک ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 87 درج کیا گیا جو اطمینان بخش زمرے میں آتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔