اتراکھنڈ کے چاروں دھاموں میں موسلادھار بارش، اونچی پہاڑیوں پر برف باری

کئی عقیدت مند ہری دوار ریلوے اسٹیشن اور رشی کیش بس اسٹینڈ پر ٹھہرے ہوئے ہیں، تاہم انتظامیہ کے اعلان کے بعد اتوار کی صبح سے رشی کیش بس اسٹینڈ میں چار دھام سے متعلقہ گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

علامتی / تصویر یو این آئی
علامتی / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

رشی کیش/بدری ناتھ/کیدار ناتھ: اتراکھنڈ کے چار دھام جانے والے عقیدتمندوں سے انتظامیہ نے محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے۔ کئی عقیدت مند ہری دوار ریلوے اسٹیشن اور رشی کیش بس اسٹینڈ پر ٹھہرے ہوئے ہیں، تاہم انتظامیہ کے اعلان کے بعد اتوار کی صبح سے رشی کیش بس اسٹینڈ میں چار دھام سے متعلقہ گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور رشی کیش - لکشمن جھولا سڑک کو یک طرفہ کردیا گیا ہے۔ وہیں پولیس نے چندر بھاگا پل، تپوون، لکشمن جھولا، منی کی ریتی بھدرکالی بیریئر سے مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا ہے۔

چاردھام دیوستھانم پریشد کے میڈیا انچارج ڈاکٹر ہریش گوڑ نے پیر کی دو پہر کو بتایا کہ کیدارناتھ دھام میں کل رات سے بارش ہورہی ہے، لیکن منداکنی کی پانی کی سطح اب بھی معمول پر ہے۔ حفاظتی دیوار کے قریب ندی کا بہاؤ معمول ہے۔ مندر میں پیر کی صبح کچھ عقیدتمندوں نے درشن کئے۔ شری کیدار ناتھ کےنزدیک اونچی چوٹیوں پر برف پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری بدری ناتھ دھام میں کل رات سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔


تمام ملحقہ پہاڑیوں پر برف باری ہو رہی ہے۔ شری گنگوتری اور یمونوتری دھام میں ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ سفری راستے ہموار ہیں۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چاروں دھاموں میں موسمی حالات اور تین روزہ الرٹ کے پیش نظر ہری دوار، رشی کیش سمیت سرینگر، ٹہیری، اترکاشی، رودر پریاگ، گپت کاشی، اکھی مٹھ، کرن پریاگ، چمولی، جوشی مٹھ، پانڈوکیشور وغیرہ مقامات سے عقیدت مند فی الحال جہاں تک پہنچے ہیں، انہیں کل تک انہی جگہوں پر رکنے کو کہا جا رہا ہے۔

ہریش گوڑ نے بتایا کہ چار دھام شری بدری ناتھ، شری کیدار ناتھ، شری گنگوتری، شری یامو نٹری دھام میں روزانہ ہونے والی پوجا جاری ہے۔ تاہم بارش اور برف باری کی وجہ سے دھاموں میں موسم سرد ہو گیا ہے۔ جو عقیدت مند دھام میں ٹھہرے ہیں وہ محفوظ ہیں۔ وہ درشن کے لیے مندر بھی پہنچ رہے ہیں، حالانکہ وہ موسم معمول پر آنے کے بعد ہی اپنی منزل کے لیے روانہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */