راجستھان میں شدید بارش کا امکان، اگلے 48 گھنٹوں کے لیے محکمۂ موسمیات کا الرٹ، کئی اضلاع میں اسکول بند
راجستھان میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بھاری سے انتہائی بھاری بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے الرٹ جاری کیا، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ، کئی اضلاع میں اسکول بند

جے پور: راجستھان میں آئندہ دو دن کے دوران بارش کی شدت بڑھنے کے امکانات ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے ریاست کے مختلف حصوں میں بھاری سے انتہائی بھاری بارش کے خدشے کے پیش نظر اگلے 48 گھنٹوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر اجمیر، بوندی، اودے پور اور الور اضلاع میں اسکولوں کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، مدھیہ پردیش کے اوپر موجود کم دباؤ کا علاقہ اب مزید مضبوط ہو کر ’’ویل مارکڈ لو پریشر‘‘ میں تبدیل ہو گیا ہے، جو اس وقت شمال مغربی مدھیہ پردیش اور اس سے متصل مشرقی راجستھان پر مرکوز ہے۔ اندازہ ہے کہ یہ نظام مغرب-شمال مغرب کی سمت میں حرکت کرتے ہوئے آئندہ 48 گھنٹوں میں جنوبی راجستھان پر ایک نئے کم دباؤ کے علاقے کے طور پر ظاہر ہوگا۔
اس موسمی نظام کے سبب اودے پور، کوٹا اور جودھپور ڈویژن کے کئی حصوں میں آئندہ تین سے چار دن تک بھاری سے انتہائی بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اودے پور ڈویژن کے اضلاع اودے پور، ڈونگرپور، بانسواڑہ، سروہی اور راجسمند میں بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور آمدورفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
کوٹا اور آس پاس کے علاقے بھی بارش سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جھالاواڑ، چتڑوڑگڑھ اور بھیلواڑہ میں بھی بھاری سے انتہائی بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ نے بتایا ہے کہ بھرت پور، جے پور اور بیكانیر ڈویژن کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ جے پور میں ہفتے کے روز آسمان ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر بجلی کے کڑکنے کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو محکمۂ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال بیان کی تھی۔ مشرقی راجستھان کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کچھ مقامات پر بھاری سے انتہائی بھاری بارش ہوئی۔ مغربی راجستھان میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی میں بارش کا سلسلہ جاری: سڑکوں پر نمناک مناظر کی جھلکیاں
اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں سب سے زیادہ بارش بانسواڑہ ضلع کے سللوپاٹ میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 123 ملی میٹر بارش ہوئی۔ درجہ حرارت کے اعتبار سے سب سے زیادہ درجہ حرارت باڑمیر میں 37.4 ڈگری سیلسیس اور سب سے کم درجہ حرارت پالی میں 22.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے عام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔ ریاستی حکومت نے ایمرجنسی کنٹرول رومز کو متحرک کر دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل طور پر چوکس رہیں۔