دہلی-این سی آر میں اگلے دو دنوں تک شدید بارش کا الرٹ، جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر
دہلی میں شدید بارش سے آبی جماؤ کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔ سڑکیں زیر آب ہیں۔ پانی بھرنے سے لوگوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔

دہلی-این سی آر میں اگلے دو دنوں تک تیز بارش کا محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ پیر کو بھی دہلی میں پورے دن موسلادھار بارش ہوئی۔ وہیں شدید بارش اور ہریانہ سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے جمنا ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان کو عبور کر چکی ہے۔ ایسے میں دہلی میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ اب جمنا کی آبی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے دہلی میں شدید بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔ آج یہاں پورے دن بادل چھائے رہیں گے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے آثار ہیں۔ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ آج دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگلے 5 دنوں تک دہلی میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ دہلی کے ساتھ ساتھ نوئیڈا میں بھی شدید بارش کا الرٹ ہے۔
دہلی میں ہو رہی شدید بارش سے جہاں ایک طرف لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے وہیں دوسری طرف انہیں پریشانیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ زیادہ بارش سے آبی جماؤ کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔ سڑکیں زیر آب ہیں۔ پانی بھرنے سے لوگوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ دہلی کے الگ الگ علاقوں سے تصویریں سامنے آئی ہیں جہاں لبالب پانی بھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
دہلی کے وسنت وِہار، فیروز شاہ روڈ، دہلی-گرو گرام بارڈر، ساؤتھ ایکسٹینشن، اکبر روڈ، گیتا کالونی، منٹو بریج، آئی ٹی او، پٹپڑ گنج سمیت کئی علاقوں میں بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر گئی ہیں، جس سے جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے اور لوگوں کو آمد و رفت میں کافی پریشانی ہو رہی ہے۔
مسلسل ہو رہی بارش سے دہلی میں سیلاب کا خطرہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ جمنا میں خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے اور منگل یعنی آج صبح 7 بجے جمنا کی آبی سطح 205.75 میٹر درج کی گئی جبکہ یکم ستمبر کو جمنا کی آبی سطح 204.95 میٹر درج کی گئی تھی۔ کل تک جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے کچھ کم تھی، لیکن اس میں اضافہ ہوا ہے اور اب آبی سطح خطرے کے نشان کے اوپر پہنچ گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہر گھنٹے ہتھنی کنڈ بیراج سے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ایسے میں دہلی کے لیے سیلاب کی گھنٹی بج گئی ہے۔ آج شام 5 بجے جمنا کی آبی سطح 206.50 میٹر پہنچنے کا امکان ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے دہلی کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کو لے کر الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان شاہدرہ کے ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ جمنا ندی میں بڑھتی آبی سطح کی وجہ سے 2 ستمبر کو 5 بجے سے لوہا پُل پر آمد و رفت اور عوامی سرگرمیاں بند کر دی جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔