غازی پور لینڈ فل سائٹ میں زبردست آگ، دھوئیں کی وجہ سے دہلی و نوئیڈا کے لوگوں کا سانس لینا مشکل

مشرقی دہلی کے غازی پور لینڈ فل سائٹ پر اتوار کی شام کو زبردست آگ لگ گئی، آگ بجھانے کا کام ابھی بھی جاری ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پردھواں بدبو پھیل گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>غازی پور لینڈ فیل سائٹ میں  آگ /تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

غازی پور لینڈ فیل سائٹ میں آگ /تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مشرقی دہلی کے غازی پور ’لینڈ فل‘ سائٹ (کوڑا یکجا کرنے کی جگہ) پر اتوار کی شام زبردست آگ لگ گئی جسے بجھانے کی کوشش ابھی تک جاری ہے۔ اس آگ کی وجہ سے دھویں کا زبردست غبار اطراف میں پھیل گیا ہے جس سے لوگوں کا سانس لینا مشکل ہو رہا ہے۔ یہ دھواں نہ صرف دہلی بلکہ نوئیڈا اور غازی آباد کے ملحقہ علاقوں تک میں بھی پھیل گیا۔ اس آگ کو بجھانے کی کوشش ہو رہی ہے مگر ہنوز کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

خبروں کے مطابق کل شام کو لگنے والی آگ اتنی بھیانک تھی کہ اس کی لپٹیں آسمان کو چھوتی ہوئی محسوس ہو رہی تھیں۔ آگ کی وجہ سے اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر دھویں کے ساتھ بدبو بھی پھیلی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لوگ سانس لینے میں دشواری اور دم گھٹنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ آگ بجھانے کے لیے رات بھر کوششیں جاری رہیں لیکن ابھی تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور کئی حصے اب بھی جل رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی 30 سے ​​زائد گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر آلات کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔


واضح رہے کہ قومی راجدھانی دہلی کے غازی پور اور بھلسوا جیسے بڑے لینڈ فل سائٹس میں آگ لگنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہر سال جب گرمیوں کا موسم آتا ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر پہنچ جاتا ہے تو لینڈ فل سائٹ جہنم میں تبیدل ہو جاتی ہے۔ آگ کی وجہ سے نہ صرف دہلی کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ غازی آباد اور نوئیڈا کے لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔

ایک مقامی رہائشی ناظرہ نے بتایا کہ میں یہاں رہتی ہوں اور دھوئیں سے میری آنکھوں میں جلن ہو رہی ہے۔ ہمیں سانس لینے میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔ پوری کالونی پریشان ہے۔ نوئیڈا کے رہنے والے سمیت کہتے ہیں کہ مجھے سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے۔ انتظامیہ لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔دھویں کا بزرگوں پر نہایت مضر اثرات پڑیں گے۔ جبکہ ایک دیگر مقامی باشندے کا کہنا ہے کہ ہمیں 1990 کی دہائی سے اس مسئلے کا سامنا ہے۔ ہم ذیابیطس، بی پی، تھائیرائیڈ اور آنکھوں میں جلن کا شکار ہیں، یہاں تک کہ چھوٹے بچے بھی اس کے شکار ہو رہے ہیں۔ ہماری آنکھوں میں جلن ہو رہی ہے۔ دہلی حکومت ہو یا مرکزی حکومت، ہمارے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ اس معاملے پر اب سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ بی جے پی نے کیجریوال حکومت اور ایم سی ڈی کو نشانہ بنایا ہے۔ دہلی بی جے پی کے ترجمان پراوین شنکر کپور نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے 2022 کے ایم سی ڈی انتخابات سے قبل 31 دسمبر 2023 تک اس لینڈ فل سائٹ کو خالی کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن کچرا ہٹانے کے بجائے یہاں مزید کچرا پھینک دیا گیا۔ سال 2019 میں غازی پور لینڈ فل سائٹ کی اونچائی 65 میٹر تھی جو کہ قطب مینار سے صرف آٹھ میٹر کم تھی۔ اس دوران دہلی کے ڈپٹی میئر علی محمد اقبال کل رات موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ گرمی اور موسم میں خشکی کے باعث لگی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 5 ایکسویٹر اور فائر انجن موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔