مراد آباد: عمران پرتاپ گڑھی کے روڈ شو میں اُمنڈی زبردست بھیڑ، بی جے پی میں گھبراہٹ

کانگریس امیدوار عمران پرتاپ گڑھی کے روڈ شو میں ہزاروں کی بھیڑ جمع ہوئی اور لوگ ان سے جس اپنائیت کے ساتھ ملاقات کر رہے تھے، اس سے بی جے پی خیمہ میں گھبراہٹ پیدا ہونا لازمی ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

تنویر احمد

لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں پورے ملک میں زور و شور سے چل رہی ہیں اور سیاسی پارٹیاں انتخابی تشہیر میں بھی خوب مشغول ہیں۔ اس درمیان اتر پردیش کے مراد آباد سے کانگریس امیدوار عمران پرتاپ گڑھی نے بھی انتخابی حلقہ میں لوگوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ 28 مارچ کو انھوں نے اپنی انتخابی تشہیر کا آغاز کرتے ہوئے پہلا روڈ شو کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ صبح 11 بجے سے شام کے تقریباً 7 بجے تک چلے اس روڈ شو میں درجنوں گاڑیاں شامل تھیں اور لوگوں کا ہجوم اس قدر زیادہ تھا کہ ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

عمران پرتاپ گڑھی اپنے روڈ شو میں لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے نظر آئے اور ان کے مسائل کو بھی سنتے ہوئے نظر آئے۔ روڈ شو کے راستے میں انھوں نے کئی دکانداروں اور راہ گیروں سے ملاقات کر انھیں کانگریس کے عزائم اور منصوبوں کو بتایا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہا کہ بدعنوان و تاناشاہی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ کانگریس کارکن فیروز خان بھی موجود تھے جو اس روڈ شو کا انتظام و انصرام دیکھ رہے تھے۔ وہ بھی روڈ شو میں موجود بھیڑ کو دیکھ کر خوش نظر آئے اور کہا کہ اس مرتبہ بی جے پی کا خاتمہ یقینی ہے۔

عمران پرتاپ گڑھی کے روڈ شو میں لگاتار کانگریس زندہ باد، راہل گاندھی زندہ باد، پرینکا گاندھی زندہ باد کے نعرے لگ رہے تھے اور پارٹی کارکنان بھی مراد آباد سیٹ سے عمران پرتاپ گڑھی کی فتح کو لے کر پرامید نظر آئے۔ اس موقع پر عمران پرتاپ گڑھی کی انتخابی تیاریوں پر نظر رکھنے والے آفتاب احمد نے بتایا کہ ’’عمران بھائی کا مقابلہ سیدھے طور پر بی جے پی امیدوار کنور سرویش کمار سے ہے اور جس طرح عوام مودی اور یوگی حکومت سے پریشان ہو چکی ہے عمران بھائی کا جیتنا یقینی نظر آ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ مراد آباد پارلیمانی حلقہ سے عمران بھائی آئندہ 2 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور قوی امکان ہے کہ پرینکا گاندھی بھی اس موقع پر موجود رہیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ عمران پرتاپ گڑھی ایک معروف شاعر ہیں جو اپنی شاعری میں سماجی ایشوز کو بھرپور طریقے سے اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ ایک مقبول عام چہرہ ہیں اور کانگریس نے مراد آباد سے انھیں ٹکٹ دے کر نہ صرف مسلم طبقہ میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے بلکہ ایک ایسے شخص کو سیاسی میدان میں اتارا ہے جو سماجی، سیاسی اور دیگر دنیاوی مسائل پر گہری نظر رکھتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Mar 2019, 11:09 AM