اتراکھنڈ میں گرمی کی تباہکاری، سینکڑوں پھل دار درخت جل کر خاک

آگ جنگل سے متصل چاندنی گاؤں اور آس پاس کی آبادی تک پہنچ گئی، جس کے سبب رہائشیوں میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقام کی تلاش میں نکل پڑے، چاروں طرف آگ کے شعلے نظر آ رہے تھے

آئی اے این ایس
آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے ساتھ ہی اتراکھنڈ کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دہرادون کے چکراتا فاریسٹ ڈویژن کے دیوگھر رینج میں تیونی کے قریب واقع جنگل میں ہفتہ کی شام زبردست آگ لگ گئی۔ جنگل سے ملحق چاندنی گاؤں کے آگ کی زد میں آنے کے خطرے کے پیش نظر گاؤں والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات اور فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔ تاہم آگ کے سبب ڈیڑھ سو سے زائد پھل دار درخت جل کر خاک ہو گئے۔

دیوگھر رینج کے چاندنی جنگل میں سول سویام اور ریزروڈ فارسٹ ایریا میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کے ساتھ فاریسٹ آفیسر اور تھانہ انچارج کی مشترکہ ٹیم نے رات گئے گھنٹوں کی کڑی مشقت کے بعد کسی طرح قابو پایا۔ اس سے چاندنی گاؤں اور ملحقہ بستی میں رہنے والے لوگ آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچ گئے۔


آگ جنگل سے متصل چاندنی گاؤں اور آس پاس کے بستی تک پہنچنے سے گاؤں والوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ جگہ کی تلاش میں نکل پڑے۔ آگ لگنے کے بعد علاقہ میں چاروں طرف دھوئیں کا غبار اور شعلے ہی نظر آ رہے تھے۔ کوٹی کناسار علاقہ میں آگ کی وجہ سے باغبان ہیرا سنگھ رانا، مایارام نوٹیال اور بھجن سنگھ سمیت کئی دیگر لوگوں کے سیب کے باغات جل کر خاک ہو گئے۔ آگ کی وجہ سے مجموعی طور پر کتنا نقصان ہوا ہے اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔